متحدہ عرب امارات

دبئی نے دنیا کا پہلا انسان اور اے آئی مواد شناختی نظام متعارف کرا دیا

خلیج اردو
دبئی، 16 جولائی 2025
دبئی نے مصنوعی ذہانت کے دور میں علم اور تخلیق کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایسا نظام متعارف کرا دیا ہے جو کسی بھی تحقیقی یا تخلیقی مواد میں انسان اور مشین کی شراکت کو واضح انداز میں ظاہر کرے گا۔ ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی منظوری سے متعارف کرایا گیا یہ نظام دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا ہے، جو نہ صرف دبئی بلکہ عالمی سطح پر علم، تحقیق اور مواد کی تیاری کے لیے ایک نئے معیار کی بنیاد رکھتا ہے۔

یہ نظام "ہیومن-مشین کولیبوریشن آئیکونز” کہلاتا ہے، جس کے تحت ہر تحقیقی یا تخلیقی کام میں یہ صاف طور پر دکھایا جائے گا کہ مواد انسان نے تیار کیا، مصنوعی ذہانت نے معاونت کی، یا مکمل طور پر مشین نے تخلیق کیا۔ اس مقصد کے لیے پانچ بنیادی آئیکونز اور نو ذیلی آئیکونز متعارف کرائے گئے ہیں جو تخلیقی عمل کے مختلف مراحل میں انسانی اور مشینی شمولیت کی سطح کو ظاہر کرتے ہیں۔

شیخ حمدان بن محمد کا کہنا تھا کہ یہ نظام دبئی کے اس عزم کا اظہار ہے کہ مستقبل کی ٹیکنالوجی کو ذمہ داری، شفافیت اور اعتماد کے اصولوں کے ساتھ اپنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آئیکونز نہ صرف دبئی میں بلکہ دنیا بھر میں ایک عالمی معیار بن سکتے ہیں، اور تمام محققین، ادارے اور تخلیق کار اس ماڈل کو اپنا کر علمی دنیا میں اعتماد کو فروغ دے سکتے ہیں۔

نئے نظام کے تحت دبئی حکومت کے تمام ادارے اپنی تحقیقات، رپورٹس اور تخلیقی کاموں میں یہ واضح کریں گے کہ انسانی اور مصنوعی ذہانت کی شراکت کس حد تک شامل رہی۔ اس سے نہ صرف علمی مواد کی صداقت بڑھے گی بلکہ اس کے اصل ماخذ اور معیار کو بھی محفوظ بنایا جا سکے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button