
خلیج اردو
دبئی: دبئی کی عدالت نے واٹس ایپ پر ہتک عزت اور آن لائن توہین کے الزام میں ایک شخص کو مجرم قرار دیتے ہوئے اس پر ایک ماہ کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی اور اس کا موبائل فون ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔ کیس نمبر 23499/2024 کے تحت دائر مقدمے میں ایک کارپوریٹ پروفیشنل نے شکایت درج کرائی تھی کہ ملزم نے اکتوبر 2023 میں دبئی کے علاقے الصفوح 2 میں ایک کارپوریٹ دفتر میں موجودگی کے دوران واٹس ایپ پر توہین آمیز اور شہرت کو نقصان پہنچانے والے پیغامات بھیجے۔
شکایت موصول ہونے پر حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا، پیغامات کے ترجمہ شدہ نسخے، گواہوں کے بیانات اور ابتدائی بیانات کا جائزہ لیا۔ ملزم نے پیغامات بھیجنے کا اعتراف کیا لیکن مؤقف اختیار کیا کہ یہ پیغامات اس گفتگو میں لگائے گئے الزامات کے ردعمل میں بھیجے گئے تھے۔ تاہم، عدالت نے یہ وضاحت مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ یہ موقف ہتک عزت اور توہین کی قانونی تعریفوں پر غالب نہیں آ سکتا۔
24 اپریل 2025 کو دبئی کی عدالت نے ملزم پر ایک ماہ کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے واٹس ایپ کے توہین آمیز پیغامات کو تمام آلات اور ریکارڈز سے حذف کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے جرم میں استعمال ہونے والا موبائل فون ضبط کرنے اور ملزم پر 5,000 درہم جرمانہ بھی عائد کیا۔ یہ فیصلہ یکم مئی 2025 کو نافذ کیا گیا، جبکہ مقدمے کی کارروائی کے دوران ملزم پر سفری پابندی بھی عائد رہی۔
کیس کے قانونی مشیر وِشال ٹینانی نے کہا کہ "یہ فیصلہ واضح کرتا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کوئی قانون سے آزاد زون نہیں ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے قانون کے تحت ہتک عزت صرف عوامی سطح پر محدود نہیں، نجی چیٹس میں بھی اگر مواد اخلاقی طور پر توہین آمیز یا ذاتی وقار کو مجروح کرنے والا ہو تو فوجداری کارروائی ہو سکتی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "انٹرنیٹ استعمال پر پابندی اور موبائل ضبطی جیسے سزائیں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ عدلیہ جرائم کی نوعیت اور پلیٹ فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی سے متعلق مخصوص سزائیں دینے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتی۔ خاص طور پر انٹرنیٹ استعمال پر پابندی کے دوران ملزم کے نام پر کوئی نئی سم کارڈ ایکٹیویٹ کرنے یا استعمال کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔”
جیسے جیسے ڈیجیٹل مواصلات ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کا مرکزی حصہ بنتے جا رہے ہیں، یہ کیس ثابت کرتا ہے کہ الیکٹرانک پیغامات بھی قانونی چھان بین کے دائرے میں آتے ہیں، چاہے وہ ذاتی چیٹ ہی کیوں نہ ہو۔







