متحدہ عرب امارات

دبئی میں نئے سال 2026 کی تقریبات کے لیے سیکیورٹی اور آپریشنل پلان مکمل، ہزاروں اہلکار تعینات

 

خلیج اردو
دبئی: دبئی حکام نے نئے سال 2026 کی تقریبات کے لیے سیکیورٹی اور آپریشنل پلان کی مکمل تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر بھر میں عوامی تحفظ، ہموار نقل و حرکت اور بلا تعطل سہولیات کو یقینی بنایا جائے گا۔ یہ اعلان دبئی سول ڈیفنس ہیڈکوارٹرز میں ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی کی پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جہاں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ دبئی کے عالمی سطح پر نیو ایئر تقریبات کے بڑے مرکز ہونے کی عکاسی کرتا ہے اور مربوط سیکیورٹی، انتظامی اور سروس نظام کے تحت ہجوم کو مؤثر انداز میں منظم کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت 9 ہزار 884 دبئی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جنہیں 1 ہزار 625 سیکیورٹی پیٹرولز اور 36 بائیسکلز کی مدد حاصل ہوگی تاکہ گنجان علاقوں میں فوری نقل و حرکت ممکن بنائی جا سکے۔ سمندری اور ساحلی علاقوں میں 53 ریسکیو کشتیاں، 34 ریسکیو پلیٹ فارمز اور 37 سپورٹ ٹینٹس تعینات ہوں گے۔ سول ڈیفنس کے 1 ہزار 754 اہلکار اور 165 فائر انجن الرٹ رہیں گے، جبکہ 635 پیرا میڈکس اور 236 ایمبولینسز طبی تیاری کے لیے موجود ہوں گی، جنہیں 12 قریبی اسپتالوں اور کلینکس کی معاونت حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ 1 ہزار 900 طبی ماہرین، 3 ہزار 475 دبئی میونسپلٹی کے عملے اور 13 ہزار 502 نجی سیکیورٹی اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے، جبکہ تقریبات کے دوران نقل و حمل کے لیے 18 ہزار لیموزین گاڑیاں مختص کی گئی ہیں۔

ہجوم کے مؤثر انتظام اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 107 میٹرو ٹرینیں، 1 ہزار 300 پبلک بسیں اور 14 ہزار ٹیکسیاں سروس انجام دیں گی۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے 5 ہزار 565 اہلکار ٹریفک کے بہاؤ اور تقریباتی مقامات تک محفوظ رسائی کو یقینی بنائیں گے۔ کنٹرول اور آپریشن رومز 24 گھنٹے فعال رہیں گے، جبکہ ایمرجنسی نمبرز 999، 901 اور 998 فوری ردعمل کے لیے دستیاب ہوں گے۔

دبئی ایمبولینس سروس نے بھی اپنی آپریشنل تیاری میں اضافہ کرتے ہوئے دبئی اور حتا میں 635 اہلکار اور 236 کوریج پوائنٹس تعینات کر دیے ہیں۔ ایمبولینس بیڑے میں خصوصی ایمبولینسز، ریپڈ رسپانس یونٹس، الیکٹرک اور پیڈل بائیکس، گالف کارٹس، فیلڈ سپورٹ یونٹس، میرین ریسکیو کشتیاں اور دو ایمبولینس بسیں شامل ہیں، جبکہ دبئی پولیس کے تعاون سے ایئر ایمبولینس سروس بھی دستیاب ہوگی۔ ٹیمیں گنجان علاقوں، ساحلی مقامات، سیاحتی مراکز، آتش بازی کے مقامات اور صحرائی وینیوز پر تعینات رہیں گی۔

دبئی حکام نے 40 مقامات پر 48 آتش بازی کے شوز کی منظوری دی ہے، جن میں برج خلیفہ، ڈاؤن ٹاؤن دبئی، پام جمیرا، دبئی فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، بلیو واٹرز، برج العرب، ایکسپو سٹی دبئی، گلوبل ولیج، اٹلانٹس دی پام اور پام جبل علی شامل ہیں۔ ان مقامات کی وسیع تقسیم کا مقصد ہجوم کو منتشر رکھنا، عوامی تحفظ کو یقینی بنانا اور شہر میں نقل و حرکت کو ہموار بنانا ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق ڈاؤن ٹاؤن دبئی کے اطراف مرحلہ وار سڑک بندشیں بھی کی جائیں گی، جن میں شام 4 بجے ال استقلال اسٹریٹ، ال مستقبل اسٹریٹ، لوئر فنانشل سینٹر روڈ، شیخ محمد بن رشید بلیوارڈ اور برج خلیفہ اسٹریٹ، شام 8 بجے ال ملتقی اسٹریٹ، شام 9 بجے اپر فنانشل سینٹر روڈ اور رات 11 بجے شیخ زاید روڈ کی جزوی بندش شامل ہے، جبکہ شیخ زاید روڈ 31 دسمبر صبح 6 بجے سے 2 جنوری 2026 صبح 2 بجے تک مکمل طور پر بند رہے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر کی پیشگی منصوبہ بندی کریں اور متبادل راستے اختیار کریں۔

حکام نے رہائشیوں اور سیاحوں پر زور دیا ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور محفوظ و منظم انداز میں نئے سال کی تقریبات سے لطف اندوز ہوں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button