متحدہ عرب امارات

دبئی: القُدرہ روڈ پر نئی چار لین پل کا افتتاح

خلیج اردو
دبئی میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے القُدرہ روڈ پر نئی چار لین پل کھول دی گئی۔ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق یہ پل القُدرہ روڈ اور عربین رینچز کو دبئی اسٹوڈیو سٹی سے ملانے والی لنک روڈ کے چوراہے پر واقع ہے۔

600 میٹر طویل پل القُدرہ روڈ پر بڑے انٹرچینجز کی ترقیاتی اسکیم کا حصہ ہے، جس سے گزرنے والی گاڑیوں کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق نئی پل سے ٹریفک کی صلاحیت 6,600 گاڑیاں فی گھنٹہ سے بڑھ کر 19,200 گاڑیاں فی گھنٹہ ہو گئی ہے، جبکہ انتظار کا وقت 55 فیصد کم ہو کر 113 سیکنڈ سے 52 سیکنڈ رہ گیا ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ 15 فروری کو القُدرہ روڈ اور شیخ زاید بن حمدان النہیان اسٹریٹ کے چوراہے پر شمالی پل بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، جو دونوں سمتوں میں دو، دو لین فراہم کرے گا۔

مکمل منصوبے میں 11.6 کلومیٹر سڑک کی بہتری، 2,700 میٹر طویل پلوں کی تعمیر اور اہم چوراہوں کی اپ گریڈیشن شامل ہے، جس سے سفر کا وقت 70 فیصد کم ہو کر 9.4 منٹ سے 2.8 منٹ رہ جائے گا۔

یہ منصوبہ عربین رینچز، دبئی موٹر سٹی، دبئی اسٹوڈیو سٹی، ڈیمک ہلز، مدن اور سسٹین ایبل سٹی سمیت تقریباً چار لاکھ رہائشیوں اور وزیٹرز کو سہولت فراہم کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button