
خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے سمندری سرگرمیوں میں غیر محفوظ رویوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جیٹ اسکیز کے خلاف بڑے پیمانے پر انسپکشن مہم چلائی، جس کے دوران 431 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ 41 جیٹ اسکیز ضبط کر لی گئیں۔
خلاف ورزیوں میں منسوخ شدہ جیٹ اسکی لائسنس پر سواریاں، ممنوعہ علاقوں جیسے سوئمنگ زونز اور ہوٹل بیچز میں داخلہ، مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی، لائف جیکٹس نہ پہننا، کم عمر افراد کا جیٹ اسکی چلانا، اور گنجائش سے زیادہ افراد کو سوار کرنا شامل ہیں۔
پورٹس پولیس اسٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ڈاکٹر حسن سہیل نے کہا کہ اس مہم کا مقصد سمندری حفاظت کو بہتر بنانا، لاپرواہی سے ڈرائیونگ کے باعث زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کو کم کرنا اور خطرناک رویوں کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہے۔
عام خلاف ورزیاں:
بریگیڈیئر سہیل کے مطابق مہم کے دوران درج ذیل عام خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں:
-
منسوخ شدہ جیٹ اسکی لائسنس پر سواریاں
-
ممنوعہ علاقوں میں جانا (سوئمنگ ایریاز، ہوٹل بیچز)
-
مقررہ اوقات کے باہر جیٹ اسکی چلانا
-
لائف جیکٹس یا ہیلمٹ نہ پہننا
-
کم عمر افراد کا جیٹ اسکی چلانا
-
گنجائش سے زیادہ سواریاں
جرمانے:
خلاف ورزیوں کی نوعیت کے مطابق جرمانے عائد کیے گئے، جن میں شامل ہیں:
-
منسوخ شدہ لائسنس پر جیٹ اسکی چلانا: 1,000 درہم
-
لائف جیکٹ یا ہیلمٹ نہ پہننا: 1,000 درہم
-
دوسروں کو ہراساں کرنا یا پریشان کرنا: 2,000 درہم
-
ممنوعہ سمندری کھیل کے علاقوں میں داخلہ: 1,000 درہم
بریگیڈیئر سہیل نے دبئی پولیس کے سمندری سیکیورٹی اور ریسکیو پٹرولز کی تیاری کی تعریف کی، جو 24 گھنٹے ساحلی علاقوں میں سرگرم عمل رہتے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
یہ انسپکشن مہم دبئی پولیس اور دبئی میری ٹائم اتھارٹی (DMA) کے تعاون سے کی گئی، جس کا مقصد سمندری علاقوں میں عوام کے اعتماد کو بحال کرنا اور محفوظ ماحول فراہم کرنا تھا۔
دبئی میری ٹائم اتھارٹی کے سی ای او شیخ ڈاکٹر سعید بن احمد بن خلیفہ المکتوم نے کہا کہ سمندری تحفظ کیلئے ریگولیٹری اداروں کے درمیان اشتراک اہم ہے۔ انہوں نے کہا، "ہماری مشترکہ کوششیں دبئی کو عالمی سطح پر میری ٹائم سیفٹی کا ماڈل بنانے کے وژن کا حصہ ہیں۔ یہ اقدام ایک محفوظ اور پائیدار سمندری ماحول فراہم کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے، جو اقتصادی ترقی کو فروغ دیتا ہے اور دبئی کی بطور عالمی میری ٹائم حب ساکھ کو مضبوط کرتا ہے۔”
جیٹ اسکی صارفین کیلئے حفاظتی ہدایات:
دبئی پولیس اور دبئی میری ٹائم اتھارٹی نے جیٹ اسکی صارفین پر زور دیا کہ وہ سمندری قوانین اور ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔ صارفین کو مناسب حفاظتی آلات، جیسے لائف جیکٹس پہننے اور جیٹ اسکی کی باقاعدہ دیکھ بھال کرنے کی تاکید کی گئی۔ حکام نے پرائیویٹ اور سیاحتی کشتیوں کے قریب نیویگیشن سے گریز کرنے، مقررہ اسپیڈ لمٹ (عموماً 5 سے 7 ناٹیکل میل فی گھنٹہ) کی پابندی کرنے اور جیٹ اسکی پر اضافی سواریاں نہ بٹھانے کی بھی ہدایت کی۔







