
خلیج اردو
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے امارت میں ہوٹلوں کے لیے ڈیجیٹل اور بغیر رابطے کے چیک اِن نظام کی منظوری دے دی ہے۔ نئے نظام کے تحت مہمان صرف ایک بار اپنی شناختی دستاویزات اور بائیومیٹرک ڈیٹا اپ لوڈ کریں گے، جس کے بعد ہر بار دبئی آنے پر وہ بغیر کسی رکاوٹ کے، صرف ڈیجیٹل تصدیق کے ساتھ چیک اِن کر سکیں گے۔ یہ تمام ڈیٹا شناختی دستاویز کی مدت ختم ہونے تک محفوظ رکھا جائے گا۔
دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورازم (DET) کی جانب سے تیار کردہ اس نظام سے بار بار آنے والے مہمانوں کو روایتی فرنٹ ڈیسک پر لمبی قطاروں اور انتظار سے چھٹکارا ملے گا۔ آنے سے پہلے مہمان اپنے موبائل فون سے ہی چیک اِن مکمل کر سکیں گے جبکہ بار بار آنے والے صارفین کو صرف چہرے کی شناخت جیسے ایک مختصر مرحلے سے گزرنا ہوگا۔
یہ نیا کانٹیکٹ لیس سسٹم دبئی کے تمام ہوٹلز اور ہالیڈے ہومز میں فوری طور پر دستیاب ہے اور اسے ہوٹل ایپس یا ویب پلیٹ فارمز میں بہت آسانی سے شامل کیا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف ہوٹل سروسز بہتر ہوں گی بلکہ مستقبل میں کار رینٹل سمیت دیگر سیاحتی خدمات میں بھی اسے استعمال کیا جا سکے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اکتوبر 2025 کے دوران دبئی نے 1 کروڑ 57 لاکھ سے زیادہ بین الاقوامی سیاحوں کو خوش آمدید کہا، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے، جبکہ ہوٹلوں میں کل 3 کروڑ 67 لاکھ سے زائد روم نائٹس ریکارڈ کی گئیں۔







