
خلیج اردو
دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے ٹیکنالوجی کے معروف کاروباری رہنما، ایکس کے مالک اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک سے ند الشبا میں اپنے مجلس میں ملاقات کی۔ شیخ حمدان نے سوشل میڈیا پر ملاقات کی چند غیر رسمی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں ایک تصویر میں شیخ حمدان خود گاڑی چلاتے ہوئے نظر آئے جبکہ ایلون مسک ان کے ساتھ مسافر کی نشست پر موجود تھے۔
تصاویر کے ساتھ شیخ حمدان نے لکھا کہ انہوں نے ایلون مسک کے ساتھ خلاء، ٹیکنالوجی اور انسانیت کے موضوعات پر تفصیلی اور دلچسپ گفتگو کی، اور مستقبل کے حوالے سے پرجوش ہیں۔ بعد ازاں ایکس پر ایک پوسٹ میں شیخ حمدان نے کہا کہ ملاقات کے دوران ان شراکت داریوں پر فخر کا اظہار کیا گیا جو متحدہ عرب امارات کو عالمی اقتصادی رہنماؤں اور جدت طراز شخصیات سے جوڑتی ہیں، کیونکہ امارات کا یقین ہے کہ تعاون ہی ترقی کا اصل محرک ہے اور آنے والا مرحلہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مربوط شراکت داری کا متقاضی ہے۔
شیخ حمدان نے مزید کہا کہ دبئی میں ڈیجیٹل معیشت کے عالمی مرکز کے طور پر امارت کے مقام کو مستحکم کرنے کے لیے کام جاری ہے، ایک ایسے پائیدار نظام کے ذریعے جس میں انسان کو ترقی کا مرکز رکھا جائے اور آئندہ نسلوں کے لیے مواقع پیدا کیے جائیں۔
اسی سال کے آغاز میں ایلون مسک نے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ میں دبئی لوپ منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ 17 کلومیٹر طویل اس منصوبے میں 11 اسٹیشنز شامل ہوں گے اور یہ نظام فی گھنٹہ 20 ہزار مسافروں کو بغیر کسی درمیانی اسٹاپ کے منتقل کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ یہ منصوبہ برقی گاڑیوں پر مشتمل ہوگا اور 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار حاصل کر سکے گا، جو دبئی کے شہری ٹرانسپورٹ کے مستقبل کو نئی شکل دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
شیخ حمدان نے سوشل میڈیا پر دبئی لوپ کو ایسا منصوبہ قرار دیا جو امارت میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلاب برپا کرے گا، اور کہا کہ دبئی زمین کے اوپر اور نیچے دونوں سطحوں پر نقل و حمل کے مستقبل کو ازسرنو متعین کرتا رہے گا۔ دبئی لوپ کے 2026 میں فعال ہونے کی توقع ہے، اور امریکی میڈیا کے مطابق ایک سینئر اماراتی وزیر نے تصدیق کی ہے کہ شہری جلد اس جدید نظام سے سفر کر سکیں گے۔







