
خلیج اردو
دبئی: دبئی کی عدالت نے منشیات استعمال کرنے کے جرم میں دو ایشیائی باشندوں کو تین ماہ قید اور سزا مکمل ہونے کے بعد ملک بدری کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دونوں افراد پر مزید مالی پابندیاں بھی عائد کی ہیں جن کے تحت وہ ذاتی طور پر یا کسی تیسرے فریق کے ذریعے بغیر متحدہ عرب امارات کے سنٹرل بینک اور وزارت داخلہ کی اجازت کے کوئی رقم منتقل یا جمع نہیں کر سکیں گے۔ یہ پابندیاں سزا مکمل ہونے کے بعد دو سال تک نافذ رہیں گی۔
یہ واقعہ رواں سال جنوری کا ہے جب ایک ورکرز رہائش گاہ کے سپروائزر نے دو افراد کو مشکوک حالت میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں افراد کو منشیات سے بھرے سگریٹ کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دونوں افراد نے ممنوعہ منشیات استعمال کی تھیں۔ دوران تفتیش ایک ملزم نے سگریٹ دوسرے ملزم کا قرار دیا، جبکہ دوسرے نے اعتراف کیا کہ انہیں منشیات ایک تیسرے ساتھی نے 10 درہم کے عوض فراہم کی تھیں جو کہ علیحدہ مقدمے میں گرفتار ہو چکا ہے۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو منشیات استعمال کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے قید، ملک بدری اور مالی پابندیاں عائد کر دیں۔






