متحدہ عرب امارات

اماراتی روایتی ذائقہ کے ساتھ جدید مشروب ’’سافچا‘‘، میچاکا کیفین فری متبادل

خلیج اردو
دبئی: اگر آپ میچا کے شوقین ہیں لیکن کیفین کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہے تو متحدہ عرب امارات سے نیا اور منفرد متبادل ’’سافچا‘‘ آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔ ’’ساف کیفے‘‘، جو کھجور کے درخت سے متاثر اماراتی تصور ہے، نے کھجور کے پتوں (ساف) سے تیار کردہ مشروب متعارف کرایا ہے، جو میچا جیسی خصوصیات تو رکھتا ہے مگر کیفین سے پاک ہے۔

’’سافچا‘‘ نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ صحت کے حوالے سے بھی بے مثال ہے۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس اور غذائی اجزاء کی بھرپور مقدار موجود ہے، جو پرسکون مشروب کی تلاش کرنے والوں کے لیے مثالی ہے۔

ساف کیفے کے بانی علی البدواوی کے بھائی محمد البدواوی نے بتایا کہ ’’سافچا‘‘ کے خیال نے سعودی عرب کے ایک نمائش کے دوران جنم لیا جہاں کھجور کے درخت سے تیار کردہ اس منفرد مشروب نے ہمیں بے حد متاثر کیا۔

ہٹا کے قدرتی ماحول اور ثقافتی ورثے سے متاثر ہو کر 2024 میں قائم ہونے والا ’’ساف کیفے‘‘ صرف ایک کاروبار نہیں بلکہ ایک ثقافتی مشن ہے۔ کیفے میں کھجور سے تیار کردہ مختلف مشروبات اور میٹھے پیش کیے جاتے ہیں جن میں ’’بسرا جوس‘‘، ڈیٹ پیزا، ڈیٹ ٹرامیسو اور رطب چیز کیک شامل ہیں۔

علاوہ ازیں، ساف کیفے ذاتی نگہداشت کی مصنوعات جیسے کھجور کے تیل سے تیار کردہ بالوں کا آئل، فیشل سیرم، آئی پیچز وغیرہ بھی فراہم کرتا ہے۔ محمد البدواوی کے مطابق: "ہم چاہتے ہیں کہ لوگ کھجور کے درخت کو صرف علامتی نہ سمجھیں بلکہ اسے غذا، صحت اور تحریک کا ذریعہ بھی جانیں۔”

ساف کیفے کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ یہاں کھجور کے ذائقے سے بھرپور روایتی ناشتے اور جدید طرز کے کھانے ایک ہی جگہ دستیاب ہیں۔ کیفے نے خواتین کے لیے مخصوص اوقات متعارف کرائے ہیں تاکہ وہ آرام دہ ماحول میں ’’سافچا‘‘ کے کپ کے ساتھ ملاقات کر سکیں۔

کیا آپ نے سافچا چکھا؟ یہ میچا کا اماراتی انداز ہے، جو نہ صرف ذائقے میں منفرد ہے بلکہ کیفین فری بھی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button