متحدہ عرب امارات

دبئی کی معروف کاروباری کمپنی الحبتور گروپ نے لبنان کو چھ ارب درہم سے زائد کے مالی نقصان پر قانونی کارروائی کی وارننگ دے دی ہے

خلیج اردو
دبئی کی معروف کاروباری کمپنی الحبتور گروپ نے لبنان کو چھ ارب درہم سے زائد کے مالی نقصان پر قانونی کارروائی کی وارننگ دے دی ہے۔ الحبتور گروپ کا کہنا ہے کہ لبنانی حکومت اور مرکزی بینک کی جانب سے معاہدوں کی خلاف ورزی کے باعث گروپ کو ایک ارب 70 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

الحبتور گروپ نے لبنان میں ہوٹلنگ، ریٹیل، تفریح، رئیل اسٹیٹ اور بینکاری سے متعلق مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ گروپ کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں لبنانی حکام اور بانک دو لبنان کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث قانونی طور پر جمع شدہ رقوم تک رسائی اور منتقلی ممکن نہ رہی۔

الحبتور گروپ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ “لبنانی حکام کے اقدامات اور جاری سیاسی، معاشی، مالی اور سماجی بحران نے ہماری سرمایہ کاری اور اثاثوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، مجموعی نقصانات ایک ارب 70 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر چکے ہیں”۔

گروپ کا کہنا ہے کہ تنازع کے حل کے لیے تمام ممکنہ اور نیک نیتی پر مبنی اقدامات کیے گئے، متعلقہ حکام سے باضابطہ رابطہ بھی کیا گیا، مگر “کوئی مؤثر جواب یا عملی حل سامنے نہیں آیا”۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب “قابلِ اطلاق بین الاقوامی معاہدوں اور قانونی فریم ورک کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی اقدامات کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں”۔ تاہم الحبتور گروپ نے واضح کیا کہ وہ ایسے تعمیری حل کے لیے اب بھی تیار ہے جو اس کے حقوق بحال کر سکیں۔

الحبتور گروپ نے خبردار کیا ہے کہ وہ “مزید نقصانات برداشت نہیں کر سکتا جو طویل غفلت، عدم توجہی اور نظامی ناکامی کے باعث ہو رہے ہیں”۔

واضح رہے کہ جنوری 2025 میں الحبتور گروپ کے چیئرمین خلف الحبتور نے لبنان میں تمام سرمایہ کاری منصوبے ختم کرنے اور موجودہ اثاثے فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خلف الحبتور کے مطابق 2024 میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول محفوظ نہیں رہا۔

الحبتور گروپ نے جنوری 2024 میں لبنانی حکومت کو سرمایہ کاری تنازع سے باضابطہ طور پر آگاہ کرتے ہوئے دو طرفہ معاہدے کے تحت چھ ماہ کی کولنگ آف مدت بھی شروع کی تھی، تاکہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو سکے۔

گروپ کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کا تحفظ اور نقصانات کا ازالہ لبنانی حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے، جو متحدہ عرب امارات کے ساتھ طے شدہ دو طرفہ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری معاہدوں کے تحت عائد ہوتی ہے۔

یہ معاملہ نہ صرف لبنان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مستقبل پر سوالیہ نشان ہے بلکہ خطے میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے بھی ایک سنجیدہ چیلنج بنتا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button