متحدہ عرب امارات

مجید الفطیم گروپ نے دبئی میں کم قیمت گروسری برانڈ ’سَوا‘ متعارف کرا دیا

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات میں مالز اور کیریفور (Carrefour) آپریٹ کرنے والا معروف کاروباری گروپ مجید الفطیم نے بدھ کے روز اپنا نیا ڈسکاؤنٹ گروسری برانڈ ’سَوا‘ (Sava) لانچ کر دیا۔ کمپنی نے پہلا فلیگ شپ اسٹور دبئی کے علاقے دیرا میں کھولا جبکہ دوسرا اسٹور جمیرا بیچ ریزیڈنسز (جے بی آر) کے مرجان ٹاور میں قائم کیا گیا ہے۔

گروپ کے مطابق رواں ہفتے مزید دو شاخیں کھولی جائیں گی جبکہ سال کے اختتام تک متحدہ عرب امارات بھر میں دس مقامات پر ’سَوا‘ اسٹورز کام شروع کر دیں گے۔

کمپنی نے حال ہی میں دبئی کے النہدہ علاقے میں کیریفور کی برانچ بند کر کے اس کی جگہ ’سَوا‘ کا بورڈ نصب کیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ برانچ کچھ عرصے سے تزئین و آرائش کے عمل سے گزر رہی تھی۔

مجید الفطیم نے حال ہی میں عمان، کویت، بحرین اور اردن میں کیریفور برانچز بند کر کے اپنی نئی ہائپر مارکیٹ چین ’ہائپر میکس‘ کے نام سے کھولی ہے۔ تاہم کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر گنتھر ہلم نے واضح کیا کہ فی الحال متحدہ عرب امارات میں کیریفور اسٹورز بند کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

کمپنی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سَوا‘ برانڈ کی لانچ متحدہ عرب امارات کے گروسری سیکٹر میں مجید الفطیم کے مستقل سرمایہ کاری عزم کو ظاہر کرتی ہے۔ ’سَوا‘ جدید دور کی گروسری ریٹیلنگ کی نئی جہت ہے جو معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر صارفین کو کم قیمت میں بہترین اشیاء فراہم کرے گی۔

’سَوا‘ ہر ہفتے 160 خصوصی آفرز کے ساتھ 1600 سے زائد مصنوعات پیش کرے گا تاکہ صارفین اپنی روزمرہ خریداری میں زیادہ سے زیادہ بچت کر سکیں۔

مجید الفطیم گروپ کے زیر انتظام 29 بڑے شاپنگ مالز ہیں جن میں معروف ’مال آف دی امارات‘، ’مال آف ایجپٹ‘، ’مال آف عمان‘ اور سٹی سینٹر کی متعدد شاخیں شامل ہیں۔

Majid Al Futtaim launches new discount grocery brand ‘Sava’ in Dubai

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button