
خلیج اردو
دبئی: امارات گروپ نے دبئی فٹنس چیلنج 2025 کے دوران اپنے مستقل ملازمین کے لیے ایک منفرد انعام کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ جو ملازمین "30 منٹ روزانہ، 30 دن تک” فٹنس چیلنج مکمل کریں گے، انہیں امارات ایئرلائن کے عالمی نیٹ ورک میں کسی بھی منزل کے لیے ایک مفت سروس ریلیٹڈ کنسیشن ٹکٹ دیا جائے گا۔
گروپ کے مطابق، "اس سال مستقل ملازمین جو دبئی فٹنس چیلنج میں رجسٹر ہوں گے اور روزانہ 30 منٹ کی جسمانی سرگرمی 30 دن تک مکمل کریں گے، انہیں امارات نیٹ ورک کے کسی بھی مقام کے لیے ایک کنسیشن ٹکٹ دیا جائے گا۔”
شاندار شمولیت، لاکھوں قدم
امارات گروپ کے اس اقدام نے زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔ اب تک 21 ہزار سے زائد ملازمین اس چیلنج میں حصہ لے چکے ہیں، جنہوں نے اجتماعی طور پر 355 ملین قدم چل کر چاند تک کے سفر کا نصف فاصلہ طے کیا ہے۔
مہینے بھر کی سرگرمیاں
پورے نومبر کے دوران امارات گروپ اپنے ملازمین کے لیے متعدد فٹنس اور ویلنیس سرگرمیوں کا انعقاد کر رہا ہے، جن میں مختلف اسپورٹس کلبز کے ذریعے فٹبال، باسکٹ بال، والی بال، کرکٹ، سائیکلنگ، اسکائی ڈائیونگ، اور اسکوبا ڈائیونگ شامل ہیں۔
ساتھ ہی گروپ کا ویلنیس پروگرام "صحتي” ملازمین کو غذائیت، ذہنی تندرستی، اور جسمانی فٹنس کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ صحت مند عادات کو اپنی روزمرہ زندگی میں شامل کر سکیں۔
زعبیل پارک میں خصوصی دن
امارات گروپ 25 نومبر کو زعبیل پارک میں خصوصی فٹنس ایونٹس کا اہتمام بھی کرے گا جس میں صرف گروپ کے ملازمین شریک ہوں گے۔
دبئی فٹنس چیلنج کے تحت امارات کے ملازمین شہر کے بڑے ایونٹس میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ رواں ہفتے کے آخر میں 200 سے زائد ملازمین نے "دبئی رائیڈ” میں شرکت کی، جبکہ 1,400 سے زائد نے "دبئی رن” کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔ دیگر سرگرمیوں میں دبئی یوگا اور دبئی اسٹینڈ اپ پیڈل ایونٹس بھی شامل ہیں۔







