متحدہ عرب امارات

بھارت میں فضائی ٹکٹ کی منسوخی اور ریفنڈ قوانین میں نرمی

خلیج اردو
بھارت میں فضائی مسافروں کیلئے ٹکٹ کی منسوخی اور ریفنڈ سے متعلق قوانین میں نرمی کر دی گئی ہے، جس کے تحت اب مسافر بکنگ کے 48 گھنٹوں کے اندر بغیر اضافی چارج کے ٹکٹ منسوخ یا تبدیل کرا سکیں گے۔

بھارتی وزارت شہری ہوا بازی اور Directorate General of Civil Aviation کی جانب سے جاری نئے ضوابط کے مطابق، ایئرلائن کی ویب سائٹ کے ذریعے براہ راست بکنگ کی صورت میں اگر مسافر 24 گھنٹوں کے اندر نام میں غلطی کی نشاندہی کریں تو اسی فرد کے نام کی تصحیح پر کوئی اضافی فیس عائد نہیں کی جائے گی۔

نئے سول ایوی ایشن ریکوائرمنٹ (CAR) کے تحت کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خریدے گئے ٹکٹ کی منسوخی کی صورت میں رقم سات دن کے اندر واپس کرنا لازمی ہو گی، جبکہ نقد ادائیگی کی صورت میں ریفنڈ فوری طور پر متعلقہ دفتر سے فراہم کیا جائے گا۔

اگر ٹکٹ ٹریول ایجنٹ یا آن لائن پورٹل کے ذریعے خریدا گیا ہو تو بھی ریفنڈ کی ذمہ داری ایئرلائن پر عائد ہو گی، جسے 14 ورکنگ دنوں کے اندر مکمل کرنا لازم ہو گا۔

ضوابط کے مطابق ایئرلائنز کو بکنگ کے بعد 48 گھنٹوں کیلئے "لک اِن آپشن” فراہم کرنا ہو گا، جس کے دوران مسافر بغیر کسی اضافی چارج کے ٹکٹ میں ترمیم یا منسوخی کر سکیں گے، تاہم نئی پرواز کیلئے کرایہ میں فرق ادا کرنا ہو گا۔

یہ سہولت ان پروازوں کیلئے دستیاب نہیں ہو گی جو بکنگ کی تاریخ سے سات دن کے اندر (اندرون ملک) یا 15 دن کے اندر (بین الاقوامی) روانہ ہونے والی ہوں۔

حکام کے مطابق ٹکٹ کی منسوخی کی صورت میں ایئرلائنز کو تمام لازمی ٹیکسز، یوزر ڈیولپمنٹ فیس (UDF)، ایئرپورٹ ڈیولپمنٹ فیس (ADF) اور مسافر سروس فیس (PSF) بھی واپس کرنا ہوں گی۔

ماہرین کے مطابق نئے قوانین سے ریفنڈ کے عمل میں شفافیت آئے گی اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button