متحدہ عرب امارات

غیر مسلم بھائیوں کا دبئی میں 30 ہزار افطار پیکٹ تقسیم کرنے کا عزم

خلیج اردو
دبئی میں مقیم غیر مسلم بھارتی نژاد کاروباری شخصیت سدھاکر آر راؤ اپنے بھائی پربھاکر اور بیٹی ایشوریہ کے ہمراہ اس رمضان 30 ہزار افطار کھانے مزدوروں میں تقسیم کرنے کے مشن پر ہیں۔

راؤ خاندان، جو Gemini Group Real Estate Developments چلاتا ہے، گزشتہ پانچ سے چھ برس سے یہ خدمت انجام دے رہا ہے، تاہم اس سال انہوں نے روزانہ ایک ہزار افطار پیکٹ 30 دن تک تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

سدھاکر راؤ، جو گزشتہ 22 برس سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں، کہتے ہیں کہ "ہمارے لیے تعداد سے زیادہ اہم یہ ہے کہ کھانا حقیقی لیبر کیمپس اور مستحق مزدوروں تک پہنچے، ہم خود جا کر معیار اور تقسیم کے عمل کو یقینی بناتے ہیں”۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں روزانہ 250 کھانوں سے آغاز کیا گیا تھا جو اب ایک منظم مہم کی صورت اختیار کر چکا ہے، جبکہ خاندان کے افراد خود کیمپس کا دورہ کر کے مزدوروں سے ملاقات بھی کرتے ہیں۔

سدھاکر راؤ کے مطابق یہ کام کسی مذہبی فریضے کے تحت نہیں بلکہ ذاتی جذبے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ہمیں اس سے خوشی ملتی ہے، کسی کا دباؤ نہیں، یہ جذبہ خود بخود پیدا ہوتا ہے”۔

انہوں نے یاد دلایا کہ 2019 میں پلوامہ حملہ کے بعد بھی انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی مالی مدد کی تھی۔

مقامی کمیونٹی کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات رمضان المبارک کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کی خوبصورت مثال ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button