
خلیج اردو
دبئی: اگر آپ کو تنخواہ نہ مل رہی ہو، اوور ٹائم ادا نہ کیا جا رہا ہو، ہفتہ وار چھٹی نہ دی جا رہی ہو یا کمپنی کی جانب سے غیر مجاز کٹوتیاں کی جا رہی ہوں تو متحدہ عرب امارات میں اس کے حل کے لیے باقاعدہ قانونی طریقہ موجود ہے۔ ایسے ہی ایک معاملے میں ایک صارف نے بتایا کہ وہ جولائی 2023 سے دبئی کی ایک کمپنی میں کام کر رہے ہیں، روزانہ 12 گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں، نہ ہفتہ وار چھٹی ملتی ہے، نہ اوور ٹائم، نہ سالانہ چھٹی کی ادائیگی، اور تنخواہ میں ناجائز کٹوتیاں بھی کی جاتی ہیں۔ یہاں تک کہ ترقی کے بعد بھی پوری تنخواہ نہیں دی گئی۔
ایسے معاملات میں یو اے ای کے لیبر قوانین ورکرز کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ وزارتِ انسانی وسائل و امارات کاری (MOHRE) ایسے تمام خلاف ورزیوں کی شکایت درج کرانے کی مکمل اجازت دیتی ہے، اور ہر نجی شعبے کے ملازم کو قانونی طور پر بقیہ واجبات لینے کا حق حاصل ہے۔
ان مسائل کے حل کے لیے سب سے مؤثر طریقہ MOHRE ایپ کے ذریعے سیلری کمپلینٹ درج کرانا ہے۔ آپ کی شکایت خفیہ رکھی جاتی ہے اور موہری ادارہ معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے کمپنی سے رابطہ کرتا ہے تاکہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوسکے۔
MOHRE ایپ کے ذریعے شکایت درج کرنے کا طریقہ
سب سے پہلے MOHRE ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور یو اے ای پاس کے ذریعے لاگ اِن ہوں۔ ایپ کے ہوم پیج پر ’My Salary‘ کے آپشن پر کلک کریں۔ یو اے ای پاس آپ کی ایمریٹس آئی ڈی کے ساتھ منسلک ہونے کے باعث کمپنی کا نام، لیبر کارڈ نمبر اور معاہدے کی مدت خود بخود ظاہر ہو جائے گی۔
اس کے بعد اپنے آجر یا ایچ آر کا موبائل نمبر درج کریں اور وہ تاریخیں منتخب کریں جن میں آپ کو اوور ٹائم، تنخواہ یا واجبات نہیں ملے یا ناجائز کٹوتیاں کی گئیں۔
ایپ میں درج درج ذیل شکایات کا انتخاب کیا جا سکتا ہے:
تنخواہ 15 دن سے زائد نہ ملنا
تنخواہ ایک ماہ یا دو ماہ سے زائد نہ ملنا
غیر قانونی کٹوتیاں
اوور ٹائم نہ ملنا
درست آپشن منتخب کرنے کے بعد ’Submit‘ پر کلک کریں۔ اس سروس کے لیے کوئی فیس نہیں، اور معاملہ حل کرنے میں تقریباً 14 دن لگ سکتے ہیں۔ شکایت درج کرانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا پہلے سے کوئی کیس زیرِ التوا نہ ہو۔
MOHRE شکایات کی رازداری
وزارت کے مطابق تنخواہ سے متعلق تمام شکایات مکمل طور پر خفیہ رہتی ہیں اور کمپنی کو ملازم کی شناخت نہیں بتائی جاتی۔
شکایت کے بعد کیا ہوتا ہے؟
مین لینڈ کے ملازمین کی شکایت موہری کال یا ویڈیو کال کے ذریعے دونوں فریقین سے رابطہ کرتے ہوئے حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اگر معاملہ طے نہ ہو تو:
50 ہزار درہم تک کے دعوے:
MOHRE قانونی طور پر حتمی فیصلہ جاری کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
50 ہزار درہم سے زائد کے دعوے:
اگر سمجھوتہ نہ ہو سکے تو وزارت این او سی جاری کرتی ہے تاکہ ملازم کیس عدالت میں لے جا سکے۔







