
خلیج اردو
دبئی: امارات ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم مارچ 2026 سے نیروبی کے لیے تیسری روزانہ پرواز شروع کرے گی، جس سے ایئرلائن کے افریقہ کے اہم ترین روٹس میں سے ایک مزید مضبوط ہوگا۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امارات کینیا میں اپنی پروازوں کے 30 سال مکمل کر رہی ہے، جبکہ کینیا کی حکومت 2030 تک 50 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں کو متوجہ کرنے کے ہدف کی جانب بڑھ رہی ہے۔
نئی پرواز کے آغاز سے امارات کی نیروبی سروس ہفتے میں 21 پروازوں تک پہنچ جائے گی۔ اضافی پرواز کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ نیروبی میں علی الصبح آمد و روانگی ممکن ہو، جس سے لندن، پیرس، اوسلواور میلان سمیت یورپ کی بڑی منزلوں کے علاوہ امریکہ کے اہم شہروں کے ساتھ کنیکٹیویٹی بہتر ہو گی۔
ایئرلائن کے مطابق EK717 پرواز دبئی سے رات 00:55 پر روانہ ہو کر صبح 05:05 پر جو مو کنیاتا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گی، جبکہ واپسی کی پرواز EK718 صبح 06:50 پر نیروبی سے اڑے گی اور دن 12:50 پر دبئی پہنچے گی۔ یہ فیصلہ اس ڈبل ڈیلی سروس کے مسلسل مضبوط نتائج کے بعد کیا گیا ہے، جو طویل عرصے سے بہتر نشستوں کے بھراؤ کے ساتھ چل رہی ہے۔ نئی پرواز تین کلاسی بوئنگ 777 کے ذریعے چلائی جائے گی، جس میں فرسٹ کلاس بھی شامل ہے، جو اس روٹ پر خصوصی طور پر فراہم کی جاتی ہے۔
ایئرلائنز کے اشتراک سے خطے میں ٹریفک فلو بھی مزید بہتر ہوگا۔ امارات اور کینیا ایئرویز کے 2023 میں ہونے والے شراکت کے بعد تقریباً 31 ہزار مسافر اس انٹر لائن نیٹ ورک سے استفادہ کر چکے ہیں، جن کی بکنگ دونوں ایئرلائنز کے درمیان تقریباً برابر رہی ہے۔ اس اشتراک نے روانڈا، کلیمنجارو، موزمبیق اور برونڈی جیسی منزلوں تک رسائی کو آسان بنایا ہے، جبکہ کینیا کے مسافروں کے لیے ایشیا، آسٹریلیا، یورپ اور شمالی امریکہ کی طویل پروازوں سے جوڑ بھی مضبوط ہوا ہے۔
کارگو سرگرمیوں کو بھی فائدہ ہوگا۔ اضافی پرواز سے ہفتہ وار تقریباً 280 ٹن بیلی ہولڈ کارگو کی صلاحیت بڑھے گی، جس سے نیروبی کی پھل، سبزیوں اور پھولوں کی عالمی منڈیوں کو برآمد کرنے کی حیثیت مزید مضبوط ہوگی۔ صبح سویرے روانگی کا شیڈول خاص طور پر ان برآمدات کے لیے اہم ہے جنہیں فوری ترسیل درکار ہوتی ہے۔






