
خلیج اردو
دبئی: امارات ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ دبئی اور دمشق کے درمیان اپنی باقاعدہ پروازیں 15 نومبر 2025 سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی جائیں گی۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ ایک معمول کے آپریشنل جائزے کے بعد کیا گیا، جس کا مقصد طویل المدتی کاروباری حکمت عملی کے تحت بیڑے کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ 14 نومبر کے بعد سفر کے لیے بک کیے گئے مسافروں کو فلائی دبئی کی متبادل پروازوں پر منتقل کیا جائے گا۔ امارات ایئرلائن نے اس فیصلے سے مسافروں کو ہونے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد خدمات بحال کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امارات ایئرلائن دمشق کے روٹ پر آپریشنل اور تجارتی حالات کا مسلسل جائزہ لیتی رہے گی اور جب ممکن ہوا تو اس بارے میں مزید معلومات فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ امارات ایئرلائن نے رواں سال کے اوائل میں 2012 میں خانہ جنگی کے باعث منقطع ہونے کے بعد دمشق کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں، جو متحدہ عرب امارات اور شام کے درمیان فضائی روابط کی بحالی اور علاقائی تعلقات میں بہتری کی علامت سمجھی جا رہی تھی۔






