متحدہ عرب امارات

آئی سی سی کا ردِعمل: بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کھیل کی روح کے منافی

خلیج اردو
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ عالمی ایونٹ کی بنیادی روح کے خلاف ہے۔ آئی سی سی کے مطابق منتخب میچز سے دستبرداری ’’کھیل کی حرمت اور مقابلوں کی یکسانیت کو نقصان پہنچاتی ہے۔‘‘

یہ بیان اس اعلان کے بعد سامنے آیا جب پاکستانی حکومت نے کہا کہ قومی ٹیم 15 فروری کو کولمبو میں بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی، تاہم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر شرکت کرے گی۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ تمام کوالیفائیڈ ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ یکساں شرائط پر مقابلہ کریں، اور کسی ایک میچ سے انکار ’’عالمی کھیل کے تصور سے ہم آہنگ نہیں۔‘‘

کونسل نے مزید کہا کہ ’’ہم حکومتی پالیسیوں میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتے ہیں، مگر یہ فیصلہ عالمی کرکٹ اور شائقین، بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں، کے مفاد میں نہیں۔‘‘

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر زور دیا کہ وہ اس فیصلے کے ’’طویل المدتی اثرات‘‘ پر غور کرے، کیونکہ اس سے عالمی کرکٹ نظام متاثر ہو سکتا ہے جس کا پی سی بی خود بھی رکن اور مستفید ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ آئی سی سی کی اولین ترجیح ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد ہے، اور توقع ہے کہ پی سی بی تمام فریقین کے مفادات کے تحفظ کے لیے باہمی طور پر قابلِ قبول حل تلاش کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button