
خلیج اردو
اگر آپ متحدہ عرب امارات میں نیو ایئر نائٹ کی رونقیں مس کر گئے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ 31 دسمبر 2025 کی رات یو اے ای نے نئے سال 2026 کا ایسا شاندار استقبال کیا جو پچھلے برس کی تقریبات کو بھی پیچھے چھوڑ گیا۔ ملک بھر میں آتش بازی، ڈرون شوز اور ثقافتی تقاریب نے آسمان کو روشنیوں سے بھر دیا، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد ان تاریخی لمحات کی گواہ بنی۔
دبئی میں برج خلیفہ ایک بار پھر نیو ایئر نائٹ کا مرکزِ نگاہ رہا، جہاں آتش بازی کے ساتھ اوپیرا پرفارمنس، پانی پر رقص اور معلق رسی پر چلتے فنکار نے جشن کو منفرد بنا دیا۔ جیسے ہی گھڑی نے بارہ بجائے، دنیا کی بلند ترین عمارت رنگ برنگی روشنیوں اور آتش بازی سے جگمگا اٹھی، جبکہ شیخ زاید روڈ پر شہریوں کی بڑی تعداد اس منظر کو دیکھنے کے لیے جمع رہی۔
ابوظبی کے الوثبہ میں 6,500 ڈرونز پر مشتمل تاریخی ڈرون شو پیش کیا گیا، جس میں بانیٔ امارات شیخ زاید بن سلطان النہیان اور صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی شبیہیں آسمان پر ابھریں۔ بیس منٹ تک جاری رہنے والے اس شو کو آتش بازی اور ڈیجیٹل کاؤنٹ ڈاؤن کے ساتھ ہم آہنگ کیا گیا، جبکہ روایتی اماراتی رقص اور عالمی ثقافتی مظاہرے بھی تقریب کا حصہ رہے۔
دبئی فریم میں پہلی بار نیو ایئر کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں، جہاں کاؤنٹ ڈاؤن، ڈرون شو اور شاندار آتش بازی نے ماضی اور حال کے امتزاج کی علامت اس یادگار مقام کو مزید منفرد بنا دیا۔ دبئی بھر میں 40 سے زائد مقامات پر مجموعی طور پر 48 آتش بازی کے مظاہرے کیے گئے۔
راس الخیمہ نے 2026 کے استقبال پر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، جہاں 2,300 ڈرونز نے فینکس (عنقا) کی شکل بنا کر آسمان کو روشن کیا، جو تجدید، امید اور نئے آغاز کی علامت قرار دی گئی۔ اس کے بعد چھ کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر آتش بازی کا دلکش مظاہرہ کیا گیا۔
ابوظبی میں شیخ زاید فیسٹیول کے موقع پر 62 منٹ تک مسلسل آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دنیا کے طویل ترین فائر ورکس شوز میں شمار کیا گیا۔ اس دوران مختلف اقسام کی آتش بازی سے متعدد عالمی ریکارڈ بھی قائم کیے گئے، جبکہ 6,500 ڈرونز پر مشتمل شو نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
دبئی کے گلوبل ولیج میں ایک ہی رات میں سات مختلف ممالک کے نئے سال کا جشن منایا گیا، جہاں چین، تھائی لینڈ، بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، دبئی اور ترکی کے اوقات کے مطابق آتش بازی اور ڈرون شوز منعقد کیے گئے، جس نے اس جشن کو عالمی رنگ دے دیا۔
یوں یو اے ای نے 2026 کا استقبال اتحاد، جدت اور شاندار تقریبات کے ساتھ کیا، اور یہ واضح پیغام دیا کہ آنے والے برسوں میں بھی یہ ملک نئے سال کی تقریبات میں خود کو مزید بہتر بنانے کا عزم رکھتا ہے۔







