
خلیج اردو
دبئی: ایک تازہ سروے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے تقریباً نصف (48 فیصد) مسافر اپنی تعطیلات کا انتخاب ہدفی اشتہارات کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک سیاحت کے مصروف ترین سیزن میں داخل ہو رہا ہے۔
یہ تحقیق یانگو ایڈز نے جاری کی ہے جو سیاحت کے شعبے پر ڈیٹا پر مبنی مارکیٹنگ کے بڑھتے اثر کو اجاگر کرتی ہے۔ صرف گزشتہ دسمبر میں ہی پیش گوئی کی گئی تھی کہ دو ہفتوں کے دوران 52 لاکھ سیاح امارات پہنچیں گے اور یہ سلسلہ رواں سال بھی جاری ہے۔
عالمی ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل (WTTC) کے مطابق 2024 میں یو اے ای کی سیاحت کا قومی معیشت میں حصہ ریکارڈ 257.3 ارب درہم رہا، جو مجموعی قومی پیداوار کا 13 فیصد ہے۔ صرف 2025 کی پہلی ششماہی میں دبئی نے 98 لاکھ 80 ہزار سیاحوں کا استقبال کیا جو پورے 2024 کی کل تعداد سے زیادہ ہے۔ دبئی اب دنیا کے سرفہرست تین سیاحتی مقامات میں شامل ہونے کے ہدف کے قریب ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابھرتی ہوئی منڈیوں کے تقریباً 60 فیصد مسافر اپنی سفری منصوبہ بندی دو سے تین ماہ قبل کرتے ہیں جبکہ 61.8 فیصد مسافروں کو 8 سے 14 دن کی تعطیلات پسند ہیں۔
دبئی کی رہائشی بھارتی نژاد بھاویا راؤ نے بتایا کہ انہوں نے آن لائن اشتہار دیکھنے کے بعد جارجیا کا سفر بک کیا کیونکہ یہ پیکج سہل اور سستا لگا۔ ہسپانوی نژاد ماریا گونزالیز نے کہا کہ دبئی آنے کے بعد انہوں نے چھٹیوں کا انداز بدل دیا ہے کیونکہ یہاں تقریبات اور مختصر وقفوں کی بدولت وہ چند ماہ پہلے ہی فیصلے کر لیتی ہیں اور انسٹاگرام پر آنے والے ہدفی اشتہارات انہیں نئی جگہوں کی طرف راغب کرتے ہیں۔
ٹریول کمپنیز بھی مانتی ہیں کہ ڈیجیٹل مہمات اب سیاحت کے فروغ کا لازمی جزو ہیں۔ مسافر ڈاٹ کام کی وائس پریزیڈنٹ رشیدہ زاہد نے کہا کہ "ڈیجیٹل کے بغیر آج کے دور میں مسافروں تک پہنچنا ناممکن ہے، ہم کہانی سنانے اور ریئل ٹائم آفرز کے ذریعے صارفین کو متوجہ کرتے ہیں۔”
تاہم کچھ کمپنیاں اب بھی روایتی طریقوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ ایئر ٹریول انٹرپرائزز کی جنرل منیجر رینا فلپ کے مطابق ان کے زیادہ تر صارفین واٹس ایپ اور ای میل گروپس سے جڑے ہیں اور سوشل میڈیا زیادہ کاروبار میں تبدیل نہیں ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ دسمبر کی آؤٹ باؤنڈ ٹریول، اسٹے کیشنز اور کروزز کی بکنگز شروع ہو چکی ہیں اور طلب میں تیزی ہے۔







