
خلیج اردو
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تفصیلات کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کیلئے اسرائیل ہر ممکن اقدام کرے گا، جبکہ لبنان میں قائم سیکیورٹی زون میں اسرائیلی موجودگی برقرار رہے گی۔
انہوں نے آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی سیاسی کامیابی کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ لبنان میں قبضے میں لیے گئے بعض علاقوں سے فوجی انخلا نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر گیلا گملیل نے کہا ہے کہ اسرائیل امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا پابند نہیں ہوگا اور اپنے دفاعی اقدامات جاری رکھے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیلی قیادت کا یہ سخت مؤقف خطے میں جاری سفارتی کوششوں اور کشیدگی میں کمی کے عمل کیلئے چیلنج بن سکتا ہے۔







