متحدہ عرب امارات

یو اے ای: ہائی ویز، ٹرین، میٹرو—رہائشیوں کے روزمرہ سفر میں انقلابی تبدیلیوں کا آغاز

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں ٹریفک جام اور روزافزوں آبادی نے سفر کے اوقات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جو 2024 کے 35 گھنٹوں سے بڑھ کر 2025 میں 45 گھنٹے تک جا پہنچا۔ اسی تناظر میں وفاقی حکومت اور دبئی سمیت مختلف امارات نے اربوں درہم کے میگا ٹرانسپورٹ منصوبے شروع کر دیے ہیں تاکہ سفر کو تیز، محفوظ، جدید اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔ یو اے ای اپنی اسمارٹ کنیکٹیویٹی اور مستقبل کے نظامِ نقل و حمل کی طرف بڑی چھلانگ لگا رہا ہے، جس میں نئی شاہراہیں، میٹرو لائنز، فضائی ٹیکسی، تیز رفتار ٹرینیں اور پیدل چلنے والوں کے لیے انتہائی جدید راستے شامل ہیں۔

چوتھی قومی شاہراہ کا منصوبہ
یو اے ای نے 120 کلومیٹر طویل نئی 12 لین شاہراہ کا اعلان کر دیا ہے جو روزانہ 3 لاکھ 60 ہزار تک سفر کو سنبھال سکے گی۔ یہ منصوبہ 170 ارب درہم کے قومی ٹرانسپورٹ پروگرام کا حصہ ہے۔ یہ شاہراہ E11، E311 اور E611 کے بعد ملک کی چوتھی بڑی وفاقی شاہراہ ہوگی جس سے دبئی اور شمالی امارات کے درمیان ٹریفک کے بوجھ میں بڑی کمی آئے گی۔

ایریل ٹیکسی سروس کا آغاز 2026 میں
دبئی میں برقی فضائی ٹیکسی (eVTOL) کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور 2026 میں مسافر سروس شروع ہونے کی توقع ہے۔ نومبر 2025 میں مرغم سے المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک پہلی آزمائشی پرواز کامیابی سے مکمل ہو چکی ہے۔ ایئرکرافٹ کی رفتار 320 کلومیٹر فی گھنٹہ اور رینج 160 کلومیٹر ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کے قریب ورٹی پورٹ 60 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ زعبیل، دبئی مال، پالم جمیرہ اور دبئی مرینا میں بھی ورٹی پورٹس قائم کیے جا رہے ہیں۔
ابوظبی بھی 2026 میں اپنی فضائی ٹیکسی سروس شروع کرے گا، جس سے ابوظبی سے دبئی کا سفر صرف 30 منٹ رہ جائے گا۔ راس الخیمہ میں 2027 سے فلائنگ ٹیکسی سروس متعارف کرانے کی تیاری بھی جاری ہے، جو دبئی–راس الخیمہ سفر کو ایک گھنٹے سے کم کر کے صرف 15 منٹ کر دے گی۔

دبئی میٹرو بلو لائن—30 کلومیٹر کا بڑا توسیعی منصوبہ
دبئی میٹرو میں 2029 تک 30 کلومیٹر طویل نئی بلو لائن شامل کی جائے گی۔ اس لائن کے ذریعے 14 نئے اسٹیشن بنائے جائیں گے اور نیٹ ورک 64 سے بڑھ کر 78 اسٹیشنز تک پھیل جائے گا۔
یہ لائن گرین اور ریڈ لائن کو جوڑے گی، جس میں دو راستے شامل ہیں:
— 21 کلومیٹر کا روٹ جو کریک انٹرچینج سے شروع ہو کر دبئی فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، رس الخور، انٹرنیشنل سٹی، دبئی سلیکون اویسس اور دبئی اکیڈمک سٹی تک جائے گا۔
— دوسرا 9 کلومیٹر روٹ سینٹرپوائنٹ انٹرچینج سے شروع ہو کر مردف، الورقاء سے گزرتا ہوا انٹرنیشنل سٹی (1) تک پہنچے گا۔

اتحاد ریل—2026 میں ملک گیر مسافر ٹرین سروس
یو اے ای کی پہلی مسافر ٹرین 2026 میں چلنا شروع ہو جائے گی جو ساتوں امارات کو آپس میں جوڑے گی۔
— ابوظبی سے دبئی کا سفر صرف 57 منٹ میں
— ٹرین کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ، گنجائش 400 مسافر
900 کلومیٹر طویل اس نیٹ ورک سے ہزاروں گاڑیاں سڑکوں سے کم ہوں گی، سفر تیز، آرام دہ اور ماحول دوست ہو جائے گا۔

تیز رفتار ہائی اسپیڈ ٹرین—صرف 30 منٹ میں دبئی–ابوظبی
نئی ہائی اسپیڈ الیکٹرک ٹرین 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکے گی۔
اس کے 6 بڑے اسٹیشن ریئم آئی لینڈ، یاس آئی لینڈ، سعدیات آئی لینڈ، زاید ایئرپورٹ، دبئی کے قریب المکتوم ایئرپورٹ اور جداف میں ہوں گے۔

متحدہ شاہراہی نیٹ ورک—2027 تک 72 بڑے منصوبے
دبئی آر ٹی اے 72 بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں:
— 226 کلومیٹر نئی سڑکیں
— 115 پل اور انڈر پاس
— 11 بڑے کاریڈور شامل ہیں
وفاقی سطح پر E611، E311 اور اتحاد روڈ کی توسیع بھی جاری ہے تاکہ ٹریفک بوجھ کم ہو اور گنجائش 45 سے 65 فیصد تک بڑھائی جا سکے۔

ابوظبی میں اسمارٹ گاڑیاں اور روبوٹیکسی
ابوظبی نے دنیا کی پہلی ماڈیولر اسمارٹ گاڑی متعارف کر دی ہے جو ضرورت کے مطابق جوڑی یا الگ کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ کی پہلی مکمل خودکار "روبوٹیکسی” سروس بھی یاس آئی لینڈ پر چل رہی ہے جو بغیر ڈرائیور مسافروں کو لے جا سکتی ہے۔

دبئی کو پیدل چلنے والوں کا شہر بنانے کا منصوبہ
دبئی واک ماسٹر پلان کے تحت 6,500 کلومیٹر واک ویز بنائی جا رہی ہیں، جن میں 3,300 کلومیٹر نئی اور 2,300 کلومیٹر پرانی واک ویز کی بحالی شامل ہے۔

فیوچر لوپ—مستقبل کا دلکش پُل
موزیم آف دی فیوچر کے علاقے میں 2 کلومیٹر طویل بلند و بالا اور مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ فیوچر لوپ بنایا جا رہا ہے۔
یہ پل ورلڈ ٹریڈ سینٹر، میوزیم آف دی فیوچر، ایمریٹس ٹاورز، ڈی آئی ایف سی اور میٹرو اسٹیشنز کو جوڑے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button