خلیج اردو: آئندہ ماہ شارجہ اسٹیڈیم پاکستان اور افغانستان کے تین ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچز کی میزبانی کررہا ہے۔
ماضی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس بار شارجہ اسٹیڈیم میں سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دونوں ملکوں کے تماشائیوں کو الگ الگ انکلوژر میں بٹھانے کی تجویز ہے۔
شارجہ اسٹیڈیم کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ پولیس اور سکیورٹی اداروں کو بھی حالات پر تشویش ہے اس بار ہم نے سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور تماشائیوں کیلئے سخت ضابطہ اخلاق بنایاجارہا ہے۔
پاکستان کے تماشائیوں کے علیحدہ اور افغان تماشائیوں کیلئے الگ انکلوژر بنائے جائیں گے، اس کے باوجود تماشائیوں کیلئے ضابطہ اخلاق بنائے جارہے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون سختی سے حرکت میں آئے گا۔
پولیس کے علاوہ پرائیویٹ سکیورٹی تماشائیوں کو کیمروں کی مدد سے کنٹرول کرے گی اور تماشائیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔
پاکستان سپر لیگ کے بعد اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے قبل پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی سیریز شارجہ میں کرانے کی تصدیق ہوگئی ہے، ون ڈے انٹر نیشنل سیریز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تبدیل کردیا گیا ہے, ممکنہ طور پر تینوں میچ رمضان میں ہوں گے,افغان بورڈ ان میچز کا میزبان ہوگا۔