
خلیج اردو
19 اپریل 2021
دبئی : پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیر کو ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری اور ہم آہنگی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی مفادات کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ دہائیوں پرانے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان کو مزید مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے شیخ نہیان کی خصوصی کوششوں کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے وبائی مرض کرونا وائرس کے دوران ملک میں پاکستانی کمیونٹی کی حکومت کی خصوصی دیکھ بھال پر شیخ نہیان اور متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
قریشی نے کہا کہ پاکستان اپنی معاشی ترجیحات پر توجہ دے رہا ہے کیونکہ تجارت ، سرمایہ کاری اور مختلف دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
شیخ نہیان نے دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے دوطرفہ اور برادرانہ تعلقات کو بھی سراہا اور باہمی مفادات کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ان کی مکمل حمایت کا عندیہ دیا۔
Source : Khaleej Times