متحدہ عرب امارات

یو اے ای پر ایران کے 2800 میزائل اور ڈرون حملے، 96 فیصد ناکام بنائے گئے: انور قرقاش

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے صدارتی سفارتی مشیر انور قرقاش نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے ملک کو بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا، تاہم بیشتر حملے ناکام بنا دیے گئے۔

دبئی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو ایران کے “بڑے اور غیر معمولی حملوں” کا سامنا کرنا پڑا، جن میں مجموعی طور پر 2800 سے زائد میزائل اور ڈرون شامل تھے، جن میں سے 96 فیصد کو تباہ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ یو اے ای کو نشانہ بناتے رہے، جس کی کوئی منطقی یا معقول وضاحت نہیں دی جا سکتی۔

انور قرقاش کے مطابق یو اے ای نے جدید فضائی دفاعی نظام اور مربوط سیکیورٹی حکمت عملی کے ذریعے ان حملوں کا مؤثر جواب دیا، جبکہ ملک کی معیشت، خدمات اور سپلائی چینز معمول کے مطابق چلتی رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بحران کے دوران یو اے ای کو مغربی ممالک کی جانب سے سب سے زیادہ عملی تعاون ملا، جبکہ بعض عرب اور دوست ممالک کی ابتدائی حمایت محدود رہی۔

دوسری جانب انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے ساتھ سفارتی روابط کے دروازے بند نہیں کیے گئے، تاہم تعلقات کا انحصار اقدامات پر ہوگا نہ کہ بیانات پر۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button