
خلیج اردو
اسلام آباد میں ممکنہ امریکا ایران مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے رات 11 بجے کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام بس اڈے بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ دونوں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جہاں صرف مجاز افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ علاقے میں فوج، رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ کنٹینرز اور ناکوں کے ذریعے راستے بند کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے بھی اسلام آباد کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا تھا اور 10 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ممکنہ غیر معمولی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
تاہم وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان دوسرے دور کے مذاکرات کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی۔







