
خلیج اردو
دبئی: 5 اگست 2025
دبئی کی پارکنگ کمپنی "پارکن” نے دبئی ہولڈنگ کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے شہر کے اہم علاقوں میں 29,600 پیڈ پارکنگ سپیسز کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت پارکن ان پارکنگ سپیسز کو مکمل طور پر آپریٹ اور منیج کرے گا تاکہ شہر کے اہم مقامات پر پارکنگ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے۔ یہ منصوبہ مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
اس اقدام کے بعد پارکن کے پاس ڈیولپر اونڈ پارکنگ سپیسز کی مجموعی تعداد 50,400 ہو جائے گی۔ کمپنی نے بتایا کہ اس توسیع سے آپریشنل آمدنی پر رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے وسط میں معتدل اثر پڑے گا۔
پارکن اس معاہدے کے ذریعے پارکنگ آپریشنز کے مکمل انتظام کی ذمہ داری سنبھالے گا جس میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، انفورسمنٹ سسٹمز اور ریئل ٹائم ڈیٹا اینالٹکس کا استعمال کیا جائے گا تاکہ پارکنگ مینجمنٹ کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
دبئی ہولڈنگ کی کمیونٹیز میں رہنے والے افراد کے لیے یہ اقدام جگہ کے مؤثر استعمال، رسائی، اسمارٹ موبیلیٹی اور شہری رابطے کو بہتر بنائے گا، جبکہ ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری، رش کم کرنے اور روزمرہ نقل و حرکت کے تجربے کو بہتر کرنے میں بھی مدد دے گا۔







