
خلیج اردو
بھارت کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو ایک ہفتے سے زائد جاری شدید آپریشنل بحران کے بعد بالآخر مسافروں سے معذرت کے ساتھ سامنے آ گئی ہے۔ ہزاروں پروازوں کی منسوخی اور بڑے پیمانے پر تاخیر کے باعث بھارتی ایئرپورٹس پر پیدا ہونے والی بدنظمی کے بعد چیئرمین وکرَم سنگھ مہتا نے سات منٹ کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے فلائٹ آپریشنز میں ہونے والی خرابی پر معذرت پیش کی ہے۔
وکرَم سنگھ مہتا، جو خود کو انٹرگلوب ایوی ایشن لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے طور پر متعارف کراتے ہیں، نے کہا کہ انہوں نے بیان اس وقت جاری کیا جب سب سے اہم کام آپریشن کی بحالی اور متاثرہ مسافروں کی مدد تھا۔ انڈیگو، جو بھارت کے اندرونی فضائی سفر کا 65 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتی ہے، 2,000 سے زائد پروازیں منسوخ کر چکی ہے، جس سے لاکھوں شہریوں کے سفر، تعطیلات اور شادیوں کے منصوبے متاثر ہوئے۔
چیئرمین کے مطابق ایئرلائن اب 1,900 سے زائد پروازیں چلا رہی ہے اور تمام 138 مقامات دوبارہ کنیکٹ ہو چکے ہیں، جبکہ وقت کی پابندی معمول کے مطابق بہتر سطح پر واپس آ گئی ہے۔ انہوں نے مسافروں کے نقصان، پریشانی اور ضائع ہونے والے اہم مواقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صاف الفاظ میں کہا: ’’ہم معذرت خواہ ہیں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ ایئرلائن اپنے مسافروں، حکومت، شیئر ہولڈرز اور ملازمین کو جواب دہ ہے۔ ’’حقیقت یہ ہے کہ ایئرلائن نے آپ کو مایوس کیا،‘‘ انہوں نے اعتراف کیا۔
تاہم انہوں نے ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا کہ ایئرلائن نے بحران خود پیدا کیا، حکومتی قواعد پر اثر انداز ہوئی یا پائلٹ تھکن قوانین سے بچنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق انڈیگو نے نئے قوانین پر مکمل عمل کیا ہے اور ’’داخلی و بیرونی عوامل‘‘ نے مل کر نظام کو متاثر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خراب موسم، سسٹم میں رش، معمولی تکنیکی خرابی، موسمِ سرما کے شیڈول میں تبدیلیاں اور نئے کریو روسٹرنگ قوانین کی وجہ سے آپریشنز شدید متاثر ہوئے۔ ’’یہ عذر نہیں بلکہ حقیقت ہے،‘‘ انہوں نے واضح کیا۔
بحران کے دوران ایئرلائن نے بورڈ میٹنگ کی، بحران مینجمنٹ گروپ قائم کیا، ریفنڈز میں کروڑوں روپے واپس کیے، مسافروں کو ہوٹل اور سفری سہولت فراہم کی اور تاخیر شدہ بیگج بھی واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
چیئرمین نے اعتراف کیا کہ ’’گزشتہ ہفتے کے واقعات انڈیگو کی ساکھ پر بدنما داغ ہیں‘‘ اور ایئرلائن کو دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کرنا پڑے گی۔
بھارتی حکومت نے انڈیگو کی پروازوں میں 10 فیصد تک کمی کا حکم دیا ہے، تاکہ نظام مستحکم ہو سکے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں تقریباً 220 روزانہ پروازیں کم ہو جائیں گی۔ ڈی جی سی اے نے انڈیگو کو سرمائی شیڈول میں 10 فیصد کمی کا باضابطہ نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
ایئرلائن نے تیسرے مالیاتی سہ ماہی میں اپنے ٹریفک اور آمدنی کے اندازوں میں کمی کا اعلان بھی کر دیا ہے، جو بحران کے جاری اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔







