متحدہ عرب امارات

راون بن حسین کا بڑا انکشاف، گزشتہ سال خودکشی کی کوشش اور قید کے بعد رمضان نئے عزم، عبادت اور زندگی کے مختلف انداز سے گزارنے کا اعلان

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مقیم کویتی سوشل میڈیا شخصیت راون بن حسین نے اپنی زندگی کے مشکل ترین سال کے بعد رمضان المبارک ایک نئے انداز سے گزارنے کا اعلان کر دیا ہے۔

29 سالہ انفلوئنسر، گلوکارہ اور کاروباری شخصیت نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں گزشتہ برس کو زندگی کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران پیش آنے والے واقعات نے ان کی ترجیحات اور سوچ کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔

اپنی ایک حالیہ پوسٹ میں انہوں نے انکشاف کیا کہ "نومبر 2024 میں خودکشی کی کوشش کے بعد مجھے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرایا گیا، جب دنیا کو لگتا تھا کہ میرے پاس سب کچھ ہے مگر اندر سے میں شدید پریشانی کا شکار تھی۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ طلاق اور والدہ کی وفات نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا جس کے باعث انہوں نے غم کو کم کرنے کیلئے غلط راستے اختیار کئے جبکہ حد سے زیادہ ورزش کے باعث خود کو زخمی بھی کر لیا۔

راون بن حسین کا کہنا تھا کہ اس دوران کئے گئے بعض فیصلوں نے انہیں غلط لوگوں اور ماحول کی طرف دھکیل دیا، تاہم قید کے عرصے نے انہیں زندگی کو نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ "اس رمضان آپ مجھے پہلے کی طرح ملبوسات یا افطار و سحری کی تصاویر شیئر کرتے نہیں دیکھیں گے، اس بار میں یہ مقدس مہینہ اللہ تعالیٰ کی عبادت کیلئے وقف کرنا چاہتی ہوں۔”

رواں ماہ کے آغاز میں انہوں نے متحدہ عرب امارات میں ایک قانونی مقدمے کے سلسلے میں چھ ماہ قید مکمل کرنے کے بعد رہائی کی ویڈیو بھی شیئر کی تھی، تاہم حالیہ پیغامات میں انہوں نے کیس کی تفصیلات کے بجائے سیکھے گئے اسباق پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کٹھن دور کے بعد انہیں زندگی کو نئے عزم کے ساتھ سنوارنے کا ایک اور موقع ملا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button