
خلیج اردو
عیدالفطر کی تعطیلات سے قبل متحدہ عرب امارات میں فارم ہاؤسز اور نجی دیہی ولاز کے کرایوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں یومیہ کرایہ 2 ہزار سے بڑھ کر 5 ہزار 500 درہم فی رات تک پہنچ گیا ہے۔
آپریٹرز اور فارم مینیجرز کے مطابق لانگ ویک اینڈ کے پیش نظر بیشتر فارم اسٹیز پہلے ہی مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں جبکہ خاندان کھلی فضاؤں میں نجی تقریبات کو ترجیح دے رہے ہیں۔
رہائشیوں کا کہنا ہے کہ فارم اسٹے اب عید منانے کا ایک پسندیدہ ذریعہ بنتا جا رہا ہے جہاں باربی کیو، بچوں کے کھیل اور فیملی کے ساتھ رات بھر قیام جیسی سرگرمیوں کیلئے پرسکون ماحول دستیاب ہوتا ہے۔
راس الخیمہ کے ایک رہائشی نے بتایا کہ انہوں نے عید کے موقع پر فیملی کے ساتھ قیام کیلئے تقریباً تین ہفتے قبل فارم ہاؤس کی تلاش شروع کی، تاہم اس بار بیشتر مقامات یا تو پہلے ہی بک ہو چکے تھے یا پھر 5 ہزار درہم سے زائد کرایہ طلب کیا جا رہا تھا۔
اسی طرح حتہ اور فجیرہ میں بھی دستیاب فارم ہاؤسز کی محدود تعداد کے باعث کرایوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بعض مالکان ایک رات کیلئے 6 ہزار سے 6 ہزار 500 درہم تک کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
فارم مالکان کے مطابق رواں برس عید کے موقع پر گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ مانگ دیکھنے میں آئی ہے، جہاں خاندان ہوٹلوں کے بجائے نجی اور قدرتی ماحول میں عید منانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
آپریٹرز کا کہنا ہے کہ مارچ کے خوشگوار موسم نے بھی آؤٹ ڈور تقریبات کو مزید سہل بنا دیا ہے، جس کے باعث فارم اسٹیز کی بکنگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔






