متحدہ عرب امارات

قطر اور بحرین کے درمیان مسافروں کے لیے نیا بحری رابطہ قائم

خلیج اردو

دوحہ: قطر اور بحرین کے درمیان ایک نئی فیری سروس کا آغاز ہو گیا ہے جو خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور خطے میں نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے شروع کی گئی ہے۔

یہ فیری سروس صرف مسافروں کے لیے مخصوص ہے اور قطر کے شمالی علاقے میں واقع بندرگاہ الرویس کو بحرین کے ساحلی مقام سعدہ مرینہ سے جوڑتی ہے۔ دونوں بندرگاہوں کے درمیان تقریباً 35 بحری میل (یعنی 65 کلومیٹر) فاصلہ ہے۔

ابتدائی طور پر یہ سروس صرف جی سی سی ممالک کے شہریوں کے لیے دستیاب ہوگی اور 7 سے 12 نومبر تک روزانہ دو چکر لگائے گی۔ اس کے بعد 13 سے 22 نومبر کے دوران یہ تعداد بڑھا کر روزانہ تین چکر کر دی جائے گی۔ حکام کے مطابق مستقبل میں مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے مزید تبدیلیاں بھی متوقع ہیں۔

قطر کے وزیرِ ٹرانسپورٹ شیخ محمد بن عبداللہ بن محمد آل ثانی نے اس اقدام کو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی اور خلیجی ممالک کے درمیان تعاون اور یکجہتی کی ایک اہم حکمتِ عملی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ قطر اور بحرین کے درمیان ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری کو فروغ دے گا اور نقل و حمل و لاجسٹکس کے شعبوں میں نئی راہیں کھولے گا۔

قطر کی وزارتِ ٹرانسپورٹ اور بحرین کی وزارتِ ٹرانسپورٹیشن اینڈ ٹیلی کمیونیکیشنز نے مشترکہ طور پر اس منصوبے کے لیے اعلیٰ ترین حفاظتی اور عملیاتی معیار اپنائے ہیں تاکہ مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کیا جا سکے۔

فیری کا سفر تقریباً 70 سے 80 منٹ میں مکمل ہوگا، اور ٹکٹ کی بکنگ “مسار” ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ مسافروں کو دو اقسام کی کشتیوں — اسٹینڈرڈ اور وی آئی پی — میں سے انتخاب کی سہولت دی گئی ہے جن میں بالترتیب 28 اور 32 مسافروں کے لیے جدید سہولیات موجود ہیں۔ تمام سفر کسٹمز اور سیکیورٹی ضوابط کے مطابق ہوں گے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button