متحدہ عرب امارات

ابوظبی گرینڈ پری: یاس مرینا سرکٹ میں جدید ٹیکنالوجی کی بڑی اپ گریڈ کا اعلان

خلیج اردو

ابوظبی: یاس مرینا سرکٹ نے 2025 فارمولہ 1 اتحاد ایئرویز ابوظبی گرینڈ پری سے قبل اپنے ریس کنٹرول روم میں کثیرالملین درہم کی ٹیکنالوجی اپ گریڈ مکمل کر لی ہے، جس کے نتیجے میں یہ دنیا کے جدید ترین موٹر اسپورٹس کنٹرول سینٹرز میں شمار ہونے لگا ہے۔

یہ کنٹرول روم سرکٹ کا اعصابی مرکز ہے جہاں سے مشقوں، کوالیفائنگ راؤنڈز اور مین ریس کے دوران تمام فیصلے کیے جاتے ہیں، جن میں ریس کا آغاز و اختتام، قوانین کا نفاذ اور ڈرائیورز کی حفاظت یقینی بنانا شامل ہے۔

اتھارا کے جنرل منیجر علی البشر نے بتایا کہ یاس مرینا سرکٹ چونکہ فارمولہ 1 سیزن کے فائنل کی میزبانی کرتا ہے، اس لیے یہاں ہر لمحہ تاریخی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ اپ گریڈ اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے اہلکار جدید ترین سہولیات کے ساتھ لمحوں میں درست فیصلے کر سکیں، تاکہ شائقین کو کھیل کا بہترین تجربہ حاصل ہو۔”

نئے سسٹم میں اسمارٹ ٹیکنالوجی کا ایک مکمل سیٹ شامل کیا گیا ہے جو ریس کنٹرول کو مزید تیز، لچکدار اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بناتا ہے۔ اب آپریٹرز سرکٹ کے 55 کیمرہ فیڈز، ٹائمنگ سسٹمز، کار ٹریکرز اور براہِ راست نشریاتی مناظر کسی بھی ورک سٹیشن پر فوری طور پر منتقل کر سکتے ہیں، بغیر اضافی آلات یا آئی ٹی سپورٹ کے۔

یہ اپ گریڈ بین الاقوامی چیمپئن شپس کے لیے انضمام کو بھی آسان بناتا ہے، جس سے فارمولہ 1 جیسی عالمی سیریز کو اپنی تنصیبات لانے کی ضرورت نہیں رہتی، اس طرح وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی آتی ہے۔

گرینڈ پری ویک اینڈ کے دوران 28 اہلکار اس کنٹرول روم میں کام کریں گے، جن میں سے کچھ 12 گھنٹے تک کے طویل اوقات میں خدمات انجام دیں گے۔ کمرہ تھیٹر اسٹائل ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے تاکہ مرکزی اسکرینوں کا واضح منظر برقرار رہے، جبکہ کم روشنی والا رنگ اور ایل ای ڈی اسٹرپ لائٹنگ آنکھوں کی چبھن کو کم کرتی ہے۔ ہر ورک سٹیشن ارگونومک ڈیزائن، وائرلیس چارجنگ اور ان بیلٹ کمیونیکیشن سسٹم سے مزین ہے۔

یاس مرینا سرکٹ کے سیفٹی اینڈ آپریشنز ڈائریکٹر اسٹوارٹ لیتھم نے کہا کہ “یہ کنٹرول روم FIA کے معیار سے کہیں آگے ہے۔ ہر جزو دنیا کی بہترین موٹر اسپورٹس چیمپئن شپ کے لیے بنایا گیا ہے۔ سادہ الفاظ میں، یہ دنیا کے سب سے زیادہ ٹیکنالوجی سے لیس ریس کنٹرول مراکز میں سے ایک ہے۔”

یہ نیا کنٹرول روم پہلی بار 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک ہونے والی یاس ریسنگ سیریز کے دوران استعمال کیا گیا۔ 2025 ابوظبی گرینڈ پری 4 سے 7 دسمبر تک منعقد ہوگی۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button