متحدہ عرب امارات

یو اے ای میں بارشوں کا الرٹ، عید پر غیر مستحکم موسم، پولیس کی سخت ہدایات، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی تاکید

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں عید کے موقع پر غیر مستحکم موسم کی پیشگوئی کے بعد حکام نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

ہفتہ کی صبح کئی علاقوں میں بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، جس کے بعد شارجہ پولیس نے ڈرائیورز کو محتاط رہنے، رفتار کم رکھنے اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔

اسی طرح دبئی پولیس نے بھی شہریوں کو خبردار کیا کہ بارش کے دوران گاڑی چلاتے وقت اضافی احتیاط کریں، اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور گاڑی کے ٹائروں، وائپرز اور لائٹس کی حالت درست رکھیں۔

دوسری جانب ابوظہبی پولیس نے واضح کیا کہ برساتی ندی نالوں میں داخل ہونے پر 2000 درہم جرمانہ، 60 دن کے لیے گاڑی ضبطی اور 23 ٹریفک پوائنٹس کی سزا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتے تک مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عید کے دوران لوگ بارش سے لطف اندوز ہونے کے لیے پہاڑی اور ندی نالوں کے علاقوں کا رخ کرتے ہیں، تاہم اچانک سیلابی ریلے (فلیش فلڈ) کسی بھی وقت آ سکتے ہیں، جو انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

مزید برآں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث سڑکیں بند ہو سکتی ہیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button