
خلیج اردو
راس الخیمہ نے سال 2026 کا استقبال ایک شاندار مگر پُرسکون، خاندانی ماحول پر مبنی نیو ایئر ایو جشن کے ساتھ کیا، جہاں ہزاروں افراد امارت کے ساحلی علاقوں اور عوامی مقامات پر جمع ہوئے۔ سہ پہر سے ہی لوگوں کی بڑی تعداد واٹر فرنٹ ویونگ ایریاز کی جانب بڑھتی رہی، جبکہ ٹریفک اور پیدل آمدورفت کو منظم انداز میں کنٹرول کیا گیا تاکہ رات کے مرکزی ایونٹ تک فضا خوشگوار اور ہموار رہے۔
سورج غروب ہوتے ہی خاندان، دوست احباب اور سیاح ساحل کے کنارے، عوامی اسٹیجز اور فوڈ اسٹالز کے قریب بیٹھ گئے، جہاں پورے راس الخیمہ میں ایک پُرسکون مگر پُر اُمید ماحول دیکھنے میں آیا۔ لائیو میوزک، ہلکی پھلکی ڈائننگ اور سماجی میل جول نے جشن کو مزید رنگین بنا دیا، جبکہ ملک اور بیرونِ ملک سے آئے سیاحوں کا کہنا تھا کہ راس الخیمہ کا کھلا ساحلی ماحول، مصروف شہری مراکز کا بہترین متبادل ہے۔
آدھی رات کے فوراً بعد جشن اپنے عروج پر پہنچا، جب 15 منٹ پر مشتمل ڈرون اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے ذریعے راس الخیمہ نے ایک نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ ملٹی روٹر ڈرونز کے ذریعے فضا میں فینکس کی سب سے بڑی شکل بنا کر امارت نے دنیا بھر میں اپنی پہچان کو مزید مضبوط کیا۔
اس موقع پر مجموعی طور پر 2 ہزار 300 ڈرونز استعمال کیے گئے، جن میں ایک ہزار پائرو ڈرونز بھی شامل تھے، جنہوں نے رات کے آسمان کو ایک متحرک کینوس میں بدل دیا۔ فینکس کو تجدید، امید اور نئی زندگی کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا۔ ڈرون شو کے بعد آتش بازی کا مربوط کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوا، جو مرجان آئی لینڈ سے الحمرا تک چھ کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر پھیل گیا، جہاں رنگوں اور روشنی کی لہریں سمندر کے کنارے دوڑتی نظر آئیں۔
اس سے قبل شام کے وقت کورنیش القواسم میں بھی ابتدائی آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے جشن کا دائرہ پورے راس الخیمہ میں پھیل گیا۔ ساحلی ریزورٹس اور عوامی فیسٹیول ایریاز میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے رات بھر اسٹیج پرفارمنسز اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اٹھایا، جس نے اجتماعی خوشی اور یکجہتی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا۔
راس الخیمہ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی سی ای او فلپا ہیریسن نے اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ پوری کمیونٹی اور سیاحوں کے لیے ترتیب دیا گیا تھا، گنیز ورلڈ ریکارڈ ایک اہم سنگِ میل ضرور ہے، مگر اصل مقصد یادگار لمحات تخلیق کرنا اور نئے سال کا استقبال امید اور خوش دلی کے ساتھ کرنا تھا۔
نئے ریکارڈ کے ساتھ راس الخیمہ نے ایک بار پھر خود کو جدت، جذباتی وابستگی اور عالمی معیار کے نیو ایئر ایو جشن کی منزل کے طور پر منوا لیا، اور سال کے اختتام کو ایک شاندار انداز میں مکمل کرتے ہوئے آنے والے سال کے لیے مثبت سمت کا تعین کیا۔






