
خلیج اردو
دبئی میں نئے سال 2026 کے استقبال کے لیے آتش بازی سے آسمان روشن ہوا اور عوامی مقامات پر جشن کا سماں رہا، اسی دوران دبئی میونسپلٹی کی جانب سے پسِ پردہ ایک بڑا اور منظم صفائی آپریشن بھی شروع کر دیا گیا۔ یکم جنوری کی صبح سویرے تک نیو ایئر نائٹ کے بعد پیدا ہونے والا کچرا مکمل طور پر صاف کر لیا گیا، جبکہ بلدیاتی کارکنان اور انسپکٹرز اہم شاہراہوں، ساحلوں اور عوامی مقامات پر تعینات رہے۔
سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ جشن کے دوران ہی صفائی کا عمل جاری تھا، جہاں یونیفارم میں ملبوس عملہ سڑکوں پر جھاڑو دیتا اور کچرا جمع کرتا نظر آیا۔ دبئی میونسپلٹی کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں اس بڑے آپریشن کی وسعت نمایاں دکھائی دی۔
دبئی میونسپلٹی کے مطابق یہ صفائی آپریشن نیو ایئر ایو کے لیے پہلے سے تیار کردہ جامع منصوبے کا آخری مرحلہ تھا۔ صفائی کو اس منصوبے کے پانچ بنیادی ستونوں میں شامل کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے تین ہزار سے زائد کارکنان، دو سو سپروائزرز اور انسپکٹرز، جبکہ چار سو کے قریب گاڑیاں جشن سے پہلے، دوران اور بعد میں تعینات کی گئیں تاکہ عوامی مقامات کو فوری طور پر معمول پر لایا جا سکے۔
صفائی ٹیموں نے بڑی سڑکوں، عوامی چوراہوں، ساحلوں، پارکس اور ایونٹ زونز پر خصوصی توجہ دی، جبکہ ڈیولپرز اور اسٹریٹجک پارٹنرز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے کچرے کی محفوظ اور مؤثر منتقلی کو یقینی بنایا گیا۔ یہ تمام اقدامات ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے تحت تیار کردہ مربوط حکمت عملی کا حصہ تھے، جس میں مختلف سرکاری اداروں نے تعاون کیا۔
دبئی میونسپلٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق نیو ایئر ایو کی تیاریوں میں پانچ اہم شعبوں پر توجہ دی گئی، جن میں صحت و سلامتی، خوراک، ساحل، پارکس اور سب سے اہم صفائی شامل تھی۔ آتش بازی اور تفریحی سہولیات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صحت و سلامتی کے سخت معائنے کیے گئے، جبکہ ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس پر فوڈ سیفٹی انسپیکشنز بھی مسلسل جاری رہیں۔
میونسپلٹی کی جانب سے ساحلوں کو صرف خاندانی استعمال کے لیے مخصوص کیا گیا، جبکہ عوامی پارکس کے اوقات کار رات ایک بجے تک بڑھا دیے گئے تاکہ شہری اور سیاح آتش بازی دیکھنے کے بعد محفوظ طریقے سے واپسی کر سکیں۔ اس منظم صفائی اور انتظامی اقدامات کے باعث دبئی ایک بار پھر چند ہی گھنٹوں میں صاف ستھرا اور معمول کی زندگی کی جانب لوٹ آیا۔







