متحدہ عرب امارات

آئی پی ایل 2026 سے قبل روی چندرن ایشون کا چنئی سپر کنگز سے علیحدگی کا فیصلہ

خلیج اردو
چنئی: تجربہ کار اسپنر روی چندرن ایشون نے آئی پی ایل 2026 سے قبل چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یوں ان کی دوسری مدت بھی اپنے اختتام کو پہنچنے والی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشون، جو سی ایس کے اکیڈمی میں ڈائریکٹر آف آپریشنز کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، اب ممکنہ طور پر اس عہدے سے بھی مستعفی ہو جائیں گے تاکہ کسی دوسری ٹیم سے وابستگی کی صورت میں مفادات کے ٹکراؤ سے بچا جا سکے۔ اگرچہ علیحدگی کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی، تاہم اطلاعات کے مطابق ایشون نے اپنا فیصلہ کر لیا ہے اور فرنچائز کو مطلع بھی کر دیا ہے۔

کرک بز کی رپورٹ کے مطابق ایشون نے اپنی علیحدگی کے حوالے سے سی ایس کے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ٹیم کے سینئر حکام اور کھلاڑیوں — جن میں موجودہ کپتان رُتُراج گائیکواڈ اور سابق قائد ایم ایس دھونی شامل ہیں — نے حالیہ دنوں چنئی میں متعدد ملاقاتیں کیں۔

مزید خبروں کے مطابق ایشون نے اگلے آئی پی ایل نیلامی سے پہلے فرنچائز سے باقاعدہ رہائی کی درخواست کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کے پیچھے ان کی حالیہ کارکردگی اور فرنچائز کے ممکنہ تنظیمی تبدیلیاں اہم عوامل ہیں۔

یاد رہے کہ ایشون نے 2009 میں سی ایس کے کی جانب سے آئی پی ایل میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور لگاتار چھ سیزن ٹیم کا حصہ رہے۔ بعد ازاں وہ دہلی کیپیٹلز، پنجاب کنگز اور راجستھان رائلز کے لیے کھیلتے رہے۔ وہ 2024 میں دوبارہ سی ایس کے میں شامل ہوئے تھے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button