
خلیج اردو
ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ ویزا کے ضوابط میں نئی ترامیم متعارف کرائی ہیں، جن کے تحت ویزا کے اجرا کے بعد اس کی مدت تین ماہ سے کم کر کے ایک ماہ کر دی گئی ہے۔ تاہم مملکت میں داخلے کے بعد قیام کی مدت بدستور تین ماہ برقرار رہے گی۔ یہ نئی پالیسی آئندہ ہفتے سے نافذ العمل ہوگی۔
ویزہ 30 دن میں استعمال نہ کرنے پر منسوخ ہو جائے گا
نئے قواعد کے مطابق اگر کسی زائر نے ویزا کے اجرا کے 30 دن کے اندر سعودی عرب میں داخلے کے لیے رجسٹریشن نہ کرائی تو اس کا ویزا خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔ وزارت کے مطابق یہ اقدام ویزا مینجمنٹ کے عمل کو بہتر بنانے اور زائرین کے لیے داخلے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
زائرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر فیصلہ
نیشنل کمیٹی برائے عمرہ و زیارت کے مشیر احمد بجعفر نے العربیہ سے گفتگو میں بتایا کہ یہ فیصلہ آئندہ مہینوں میں متوقع زائرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر کیا گیا ہے، خاص طور پر موسم گرما کے اختتام اور مکہ و مدینہ کے خوشگوار موسم کے باعث عمرہ زائرین کی آمد میں اضافے کے امکانات ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد دونوں مقدس شہروں میں ہجوم کو کنٹرول کرنا ہے۔
ریکارڈ عمرہ سیزن
سعودی گزٹ کے مطابق رواں عمرہ سیزن کے آغاز یعنی جون کے اوائل سے اب تک دنیا بھر کے زائرین کو چار ملین سے زائد عمرہ ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو صرف پانچ ماہ میں ایک نیا ریکارڈ ہے اور گزشتہ تمام سیزنز سے زیادہ ہے۔







