
خلیج اردو
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے ناقص کارکردگی اور خدمات کے معیار میں کمی پر 1800 غیر ملکی عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کر دیے ہیں۔ وزارت کے مطابق عمرہ سیکٹر میں مجموعی طور پر تقریباً 5800 ایجنسیاں کام کر رہی ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے متاثرہ ایجنسیوں کو خامیاں دور کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی ہے۔ ترجمان کے مطابق معطلی کا اطلاق صرف نئی ویزا درخواستوں پر ہوگا جبکہ پہلے سے جاری ویزے اور بکنگ رکھنے والے زائرین متاثر نہیں ہوں گے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام "اصلاحی اور ضابطہ جاتی حکمتِ عملی” کا حصہ ہے تاکہ ایجنسیاں منظور شدہ معیار پر پورا اتر سکیں۔ مقررہ مدت میں شرائط پوری کرنے پر معاہدے بحال کر دیے جائیں گے۔
وزارت کے ترجمان غسان النعیمی نے خبردار کیا کہ "مقررہ وقت میں خامیاں درست نہ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی”۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرہ سیکٹر کی ساکھ بہتر بنانے اور زائرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
وزارت کے مطابق عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے لیے لازمی ہے کہ تمام پیکیجز نسک (Nusuk) پلیٹ فارم کے ذریعے بک اور تصدیق شدہ ہوں، تاکہ زائرین کو رہائش، ٹرانسپورٹ اور اجازت ناموں میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ ہو۔
2026 سے ایجنسیوں پر لازم ہوگا کہ زائرین کے سفری دستاویزات سختی سے جانچیں، جن میں کم از کم چھ ماہ کی پاسپورٹ مدت، درست عمرہ ویزا اور لازمی ہیلتھ انشورنس شامل ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ ویزا کی انٹری مدت 30 دن مقرر کر دی ہے، یعنی ویزا کے اجرا کے ایک ماہ کے اندر سعودی عرب میں داخلہ لازمی ہوگا، بصورت دیگر ویزا منسوخ تصور کیا جائے گا۔ تاہم داخلے کے بعد قیام کی مدت 90 دن تک برقرار رہے گی۔
حکام کے مطابق زائرین کے لیے نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا لازم ہے، بغیر پرمٹ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
2026 کے عمرہ سیزن کے لیے سعودی حکومت نے حتمی تاریخیں بھی جاری کر دی ہیں:
آخری تاریخ برائے ویزا اجرا: 20 مارچ 2026
آخری تاریخ برائے داخلہ: 3 اپریل 2026
لازمی تاریخ برائے روانگی: 18 اپریل 2026







