خلیج اردو آن لائن:
شارجہ بلدیہ پولیس اور دیگر حکام کے ساتھ مل کر شارجہ شہر میں فیملیز کے لیے مخصوص رہائشی علاقوں سے کنواروں اور ورکرز کو بے دخل کرنے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔
شارجہ بلدیہ کے ڈائریکٹر جنرل تحبط الطرائفی نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے 3 ہزار انسپیکشن مہمات کی گئی ہیں جس کے نتیجے میں قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں اور کنواروں کو بے دخل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بلدیہ کی جانب سے تمام اقسام غیر قانونی گھروں کے خلاف ضروری قانونی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، اس مہم میں شارجہ شہر کے متعدد علاقوں کے رہائشی ٹاوروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس مہم کے دوران شارجہ بلدیہ کی جانب سے فوری طور پر کاروائی کی جاتی ہے اور رہائشی علاقوں میں مقیم غیر شادی شدہ افراد اور ایک گھر میں گنجائش سے زیادہ افراد کی رہائش رکھنے والوں کو گھروں سے بے دخل کیا جاتا ہے۔ اور ان قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے گھروں کی بجلی سمیت دیگر سروسز منقطع کر دی جاتی ہے۔
الطرائفی کا کہنا تھا کہ بلدیہ اس حوالے عوام کی رائے، سوالات کو خوش آمدید کہتی ہے اور وہ رہائش سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کی رپورٹ 993 پر کال کر کے کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ غیر شادی شدہ افراد کو شارجہ شہر کے رہائشی علاقوں سے بے دخل کرنے عمل شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔
Source: Gulf News







