خلیج اردو آن لائن:
گزشتہ دو ماہ کے دوران دبئی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بنائے گئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہونے والے 47 سیاحتی مقامات کو بند کردیا گیا۔ دبئی کے محکمہ سیاحت اور دیگر حکام کی جانب سے ہوٹلوں اور تفریحی مقامات کے معائنے کے لیے 10 ہزار دورے کیے گئے۔
اس انسپیکشن مہم کے دوران کورونا ایس او پیز کی 274 خلاف ورزیاں سامنے آئیں جبکہ 89 فیصد مراکز ایس او پیز پرعمل درآمد کرتے ہوئے پائے گئے۔
خیال رہے کہ مئی اور جولائی میں مقامی اور بین الاقوامی سیاحت کھولنے کے بعد سے دبئی ٹورازم کی جانب سے ہیلتھ اور سیفٹی سے متعلق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برت رہا۔ ان قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔
ایسے مقامات اور مراکز جہاں لوگوں کی زیادہ تعداد میں آنے کا امکان ہوتا ہے ان مقامات کی انسپیکشن مہم کو وسیع پیمانے پر چلانے کے لیے محکمہ سیاحت نے پولیس، بلدیہ اور دبئی اکنامی کے ساتھ اشتراک کیا۔
اس انسپیکشن مہم کا مقصد ہوٹلوں، تفریحی مقامات اور کاروباری مراکز پر کورونا کے خلاف بنائے گئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور عوام کی زندگیوں کی حفاظت کرنا ہے۔
دبئی حکام کی جانب سے کورونا وبا کے خلاف بہترین حکمت عملی کی وجہ سے ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی جانب سے دبئی کو سیف ٹریول اسٹیمپ سے نوازا ہے۔ جو مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہے کہ دبئی سیاحت کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔
یاد رہے کہ فروری کے مہینے میں دبئی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ کیے گئے سخت قواعد و ضوابط میں ماہ رمضان کے آغاز یعنی اپریل کے مہینے کے وسط تک توسیع دے دی گئی ہے۔
ان قواعد و ضوابط کے تحت شاپنگ مالز، ہوٹلوں، سویمنگ پولز نجی ساحلوں، اور ہوٹلوں کے اندر بنے ساحلوں کو صرف 70 فیصد گنجائش پر کام کرنے کی اجازت ہے۔ جبکہ چار دیواری کے اندر بنے تفریحی مراکز جیسا کہ سینما ہال، اسپورٹس سنٹرز اور دیگر تفریحی مقامات کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
Source: Khaleej Times







