
خلیج اردو
ابوظبی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیر اعظم اور صدارتی کورٹ کے چیئرمین شیخ منصور بن زاید النہیان نے ابوظبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کی حیثیت سے فیصلہ نمبر (5) 2025 جاری کیا ہے، جس کے تحت کھیتوں پر معاشی سرگرمیوں کی اجازت دینے سے متعلق 2023 کے فیصلے میں ترمیم کی گئی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت کھیتوں پر مزید 74 معاشی سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر منظور شدہ سرگرمیوں کی تعداد بڑھ کر 145 ہوگئی ہے۔ ان میں 41 سرگرمیاں پودوں کی پیداوار سے متعلق، 9 معاون سرگرمیاں پودوں کی پیداوار کے لیے، 8 فوڈ سپورٹ سروسز، 12 صنعتی معاون سرگرمیاں، 2 عام سپورٹ سروسز اور 2 تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔
فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کھیت پر تعمیر شدہ حصہ صرف اسی حد تک استعمال کیا جا سکتا ہے جس کی اجازت امارت کی متعلقہ اتھارٹی دے گی۔ کھیتوں کے مالکان یا لائسنس یافتہ ادارے کھیت کو اس کے بنیادی مقصد کے مطابق استعمال کرتے ہوئے ان معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں گے۔
ایڈیکٹنگ ڈائریکٹر جنرل ADAFSA ڈاکٹر طارق احمد العامری نے کہا کہ یہ فیصلہ ایگزیکٹو آفس ابوظبی کی ہدایت پر بنائی گئی کمیٹی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس میں محکمہ اقتصادی ترقی، بلدیات و ٹرانسپورٹ اور محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی کے نمائندے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد کھیتوں کو بہتر طور پر استعمال میں لانا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا اور انہیں تعلیمی، ثقافتی و سیاحتی مراکز میں تبدیل کرنا ہے تاکہ ابو ظبی کے سیاحت اور زرعی شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ فوڈ سیکیورٹی بڑھانے، مقامی پیداوار کو فروغ دینے اور ایگرو ٹورزم کے فروغ کے لیے اتھارٹی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ حکام لائسنسنگ اور معائنہ کے طریقہ کار کو مزید آسان بنا رہے ہیں تاکہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔







