متحدہ عرب امارات

یو اے ای کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید کی عوامی سرگرمی: ابو ظبی میں والی بال کھیلتے نظر آئے

خلیج اردو
ابوظبی:متحدہ عرب امارات کی قیادت کی عوام سے قربت اور معاشرتی ہم آہنگی ایک بار پھر سامنے آئی جب ملک کے نائب صدر اور نائب وزیر اعظم شیخ منصور بن زاید النہیان نے ابوظبی سمر اسپورٹس ایونٹ کے دوران شہریوں اور کھلاڑیوں کے ساتھ والی بال کا دوستانہ کھیل کھیلا۔ یہ ویڈیو بدھ کو سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کی جانب سے جاری کی گئی۔

شیخ منصور نے نہ صرف کھیل میں حصہ لیا بلکہ ایونٹ کے منتظمین سے ملاقات بھی کی اور مختلف سہولیات کا دورہ کرتے ہوئے جاری پروگرامز کے بارے میں بریفنگ بھی حاصل کی۔

متحدہ عرب امارات کی موجودہ قیادت کھیلوں سے گہری وابستگی رکھتی ہے، اور اعلیٰ حکام نہ صرف خود کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں بلکہ انہیں فروغ بھی دیتے ہیں۔ شیخ منصور عالمی فٹبال کی دنیا میں ایک نمایاں شخصیت ہیں، جن کا مانچسٹر سٹی فٹبال کلب سے گہرا تعلق ہے۔ گزشتہ برس وہ یوئیفا چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں وی آئی پی باکس میں مانچسٹر سٹی کا مفلر پہنے نظر آئے۔

اسی طرح ابو ظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید جو مارشل آرٹس اور خاص طور پر جیو-جِتسو کے شوقین ہیں، انہوں نے حال ہی میں ابو ظبی کے محکمہ سیاحت و ثقافت اور امریکی باسکٹ بال ایسوسی ایشن (NBA) کے درمیان کئی سالہ شراکت داری قائم کی، جس کے تحت خلیجی خطے میں پہلی بار این بی اے گیمز کا انعقاد ممکن ہوا۔

دوسری جانب دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم بھی اپنی سوشل میڈیا موجودگی کے ذریعے کھیلوں کے فروغ میں پیش پیش ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے انگلینڈ کے دیہی علاقے میں گھڑ سواری کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button