
خلیج اردو
شارجہ: شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے خورفکان کے پہاڑی سلسلے میں سیاحتی مقاصد کے لیے ایک نئی شاہراہ بنانے کا اعلان کیا ہے، جسے انہوں نے "ایسا حیرت انگیز منصوبہ جو پہلے کبھی نہ دیکھا گیا ہو” قرار دیا ہے۔
یہ سڑک الغزیر ٹنل سے شروع ہو کر خورفکان کی بلند ترین چوٹی تک پہنچے گی، جو سطح سمندر سے 1100 میٹر بلند ہے۔ شاہراہ پہاڑوں کے دامن میں پھیلی ہوئی ہوگی اور اس کے اردگرد درخت، پودے، پانی کی نہریں اور خوبصورت رہائش گاہیں تعمیر کی جائیں گی، تاکہ یہ سفر موسم سرما کے معتدل اور خوشگوار ماحول میں سیاحتی تجربہ بن جائے۔
حکام کے مطابق اس سڑک کو ایک عام ہائی وے کی بجائے ایک مکمل تفریحی راستے میں تبدیل کیا جائے گا جو علاقے کے چھوٹے دیہاتوں کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔
جبل دیم کے منصوبے بھی زیر تکمیل
شیخ سلطان القاسمی نے یہ بھی بتایا کہ کلبا کے رہائشیوں کے لیے جبل دیم کے علاقے میں مزید ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے گئے ہیں جن میں آرام گاہیں، فارم ہاؤسز اور کھیلوں کے میدان شامل ہیں۔ یہ منصوبے مارچ 2026 تک مکمل کیے جانے کی توقع ہے۔
یہ اعلانات شارجہ براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے پروگرام "ڈائریکٹ لائن” میں ان کی براہ راست گفتگو کے دوران کیے گئے۔







