متحدہ عرب امارات

دبئی میں سیلف ڈرائیونگ ٹیکسی کا نیا تجربہ، سفر کے ساتھ مساج کی سہولت بھی

خلیج اردو
دبئی: دبئی میں سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کا دور تیزی سے قریب آ رہا ہے اور اب یہ صرف محفوظ اور آرام دہ سفر تک محدود نہیں بلکہ مسافروں کو “مساج” جیسی سہولت بھی فراہم کرے گا۔

جمعرات 25 ستمبر کو دبئی ورلڈ کانگریس اینڈ چیلنج فار سیلف ڈرائیونگ ٹرانسپورٹ کے موقع پر روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور چینی کمپنی بائیڈو نے صحافیوں کو اپالو گو (Apollo Go) سیلف ڈرائیونگ ٹیکسی کا تجربہ کروایا۔ یہ آزمائشی سفر جمیرا روڈ پر چار کلومیٹر طویل روٹ پر کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ٹیکسی 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچی اور لین تبدیل کرنے میں کامیاب رہی۔ فی الحال حفاظتی اقدامات کے تحت ڈرائیور ساتھ موجود تھا، تاہم اگلے سال کمرشل آپریشنز شروع ہونے پر ٹیکسی مکمل طور پر ڈرائیور لیس ہوگی۔

گاڑی کے پچھلی نشستوں پر بیٹھنے والے مسافر مساج کی سہولت بھی حاصل کر سکیں گے۔ تین سطحوں اور مختلف انداز کے مساج موڈز میں سے انتخاب کیا جا سکتا ہے جن میں ویو، بٹر فلائی اور کیٹ واک شامل ہیں۔ چین میں یہ فیچر وائس کنٹرول کے ذریعے فعال ہوتا ہے جبکہ دبئی میں فی الحال کنٹرول پینل سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق اگلے سال کی پہلی سہ ماہی میں روبو ٹیکسی سروس عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ بائیڈو نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ 50 گاڑیوں کے بیڑے کو تین سال کے اندر ایک ہزار مکمل خودکار ٹیکسیوں تک بڑھایا جائے گا۔

ٹریفک ماہرین کے مطابق دبئی کا ہدف 2030 تک 25 فیصد ٹرانسپورٹ کو اسمارٹ اور ڈرائیور لیس بنانا ہے، اور یہ منصوبہ شہر کو جدید ٹرانسپورٹ کا مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button