
خلیج اردو
فلم اسپائیڈر مین میں نیڈ لیڈز کا کردار ادا کرنے والے اداکار جیکب بیٹالون نے اپنی دیرینہ ساتھی ورونیکا لیہوف سے شادی کرلی ہے۔ جوڑے کی منگنی کے اعلان کے ایک سال سے زائد عرصے بعد ان کی شادی کی خبر سامنے آئی ہے۔
جیکب بیٹالون نے حالیہ انٹرویو کے دوران بظاہر اپنی شادی کی تصدیق اس وقت کی جب انہوں نے ورونیکا لیہوف کا ذکر کرتے ہوئے انہیں "میری بیوی” کہا۔ اداکار کا یہ مختصر تبصرہ سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا اور اسے جوڑے کی شادی کی پہلی عوامی تصدیق قرار دیا جا رہا ہے۔
شادی کی ایک اور علامت اس وقت سامنے آئی جب Spider-Man: Brand New Day کے لاس اینجلس پریمیئر میں جیکب بیٹالون کو ہاتھ میں شادی کی انگوٹھی پہنے دیکھا گیا۔ انگوٹھی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد ان کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں۔
اسی دوران ورونیکا لیہوف نے اپنی پروفیشنل ویب سائٹ پر بھی اپنا نام تبدیل کرکے بیٹالون کا خاندانی نام شامل کرلیا جسے شادی کی مزید تصدیق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تاہم جیکب بیٹالون اور ورونیکا لیہوف نے باضابطہ طور پر اپنی شادی کا اعلان نہیں کیا اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ شادی کب اور کہاں ہوئی۔
ورونیکا لیہوف کا تعلق مالدووا سے ہے اور وہ نیویارک میں انٹیریئر ڈیزائنر کے طور پر کام کرتی ہیں۔ مارول کے معروف اداکار کے ساتھ کئی سال سے تعلق کے باوجود وہ زیادہ تر میڈیا کی توجہ سے دور رہی ہیں۔
دونوں نے اپنے تعلق کو بھی نجی رکھا ہے اور کبھی کبھار ہی ایک ساتھ عوامی سطح پر نظر آئے ہیں۔
جیکب بیٹالون نے مارچ 2025 میں نیویارک سٹی میں ورونیکا لیہوف کو شادی کی پیشکش کی تھی۔ اداکار نے انسٹاگرام پر موم بتیوں سے سجے ماحول میں ہونے والی پروپوزل کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ یہ "ہماری باقی زندگی کا آغاز” ہے۔ ورونیکا نے اس موقع کو اپنی زندگی کی "خالص ترین خوشی” قرار دیا تھا۔
منگنی کے اعلان کے کچھ عرصے بعد دونوں Novocaine کے پریمیئر میں بھی ایک ساتھ نظر آئے تھے۔ فلم میں جیکب بیٹالون نے معاون کردار ادا کیا تھا۔
جیکب بیٹالون اور ورونیکا لیہوف کی جانب سے تعلق کو نجی رکھنے کا انداز اسپائیڈر مین کے ساتھی اداکار ٹام ہالینڈ اور اداکارہ زیندا یا سے بھی ملتا جلتا ہے جو اپنی منگنی اور شادی کے حوالے سے زیادہ تر خاموش رہے ہیں۔
جیکب بیٹالون بعد ازاں یہ بھی بتا چکے ہیں کہ نہ انہیں اور نہ ہی ٹام ہالینڈ کو علم تھا کہ دوسرا اپنی ساتھی کو شادی کی پیشکش کرنے والا ہے۔ اس بیان سے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا تھا کہ دونوں اسپائیڈر مین جوڑوں نے اپنی منگنیوں کے لیے آپس میں کوئی منصوبہ بندی کی تھی۔







