خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے پولیمر سے بنا 1000 درہم مالیت کا ایک نیا بینک نوٹ مارکیٹ میں گردش کے لیے جاری کیا ہے۔ یہ نیا بنک نوٹ 10 اپریل 2023 سے بینکوں اور ایکسچینج ہاؤسز میں دستیاب ہوگا۔
نئے بینک نوٹ کے ڈیزائن میں مستقبل کے وژن اور عزائم کی عکاسی کی گئی ہے جو خلائی تحقیق میں ایک رہنما کے طور پر متحدہ عرب امارات کے لیے حقیقت بن گیا ہے۔
اس بینک نوٹ کی مخصوص جمالیاتی خصوصیت استعمال ہونے والے بھورے رنگ کے مختلف شیڈز میں ہے جو اس وقت زیر گردش اسی مالیت کے بینک نوٹ کے رنگ کی خصوصیات کو محفوظ رکھتی ہے تاکہ عوام کے لیے شناخت کرنا آسان ہو۔
اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے قومی برانڈ کے فلوروسینٹ نیلے نشانات مرکز میں اور انٹیگلیو پرنٹنگ کی جدید تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے بنائے گئے ڈرائنگ اور نوشتہ جات بھی شامل ہیں۔
نئے نوٹ کے اگلے حصے میں مرحوم شیخ زاید بن سلطان النہیان کی تصویر، ایک خلائی شٹل کے ماڈل کے ساتھ 1974 میں امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے علمبرداروں کے ساتھ ان کی ملاقات کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نئے نوٹ کے پچھلے حصے میں ابوظہبی میں براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ کی تصویر ہے جو ملک میں توانائی کے ذرائع کو متنوع بنانے اور کاربن کے اخراج کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
صارفین کے اعتماد کو بڑھانے اور قومی کرنسی کی جعلسازی سے نمٹنے کے لیے نئے بینک نوٹ میں ایسی جدید ترین حفاظتی خصوصیات شامل ہیں جو پہلی بار یورپ، مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں گردش کرنے والے بینک نوٹوں میں استعمال کی گئی ہیں۔
مزید برآں متحدہ عرب امارات خطے میں پہلا ملک ہے جس نے نئے بینک نوٹ کے اجراء میں سب سے بڑی کثیر رنگی KINEGRAM سطح پر لاگو فوائل سٹرائپ جاری کی ہے۔
سیکورٹی اور ڈیزائن کے لحاظ سے واضح بصری اثرات کے علاوہ مرکزی بنک نے بریل میں نمایاں علامتیں شامل کیں تاکہ نابینا اور بصارت سے محروم صارفین کو بینک نوٹ کی قدر کی شناخت میں مدد مل سکے۔