
ابوظبی:
1971 میں متحدہ عرب امارات کے قیام کی تاریخی خبر ٹیلی وژن پر سب سے پہلے سنانے والے معروف نیوز اینکر محمد القدسی انتقال کر گئے۔ ان کی وفات کی تصدیق روزنامہ امارات الیوم نے کی ہے۔
شام سے تعلق رکھنے والے محمد القدسی ان چند میڈیا شخصیات میں شامل تھے جو دبئی کے گیسٹ پیلس میں قیامِ اتحاد کے تاریخی اعلان اور قومی پرچم کشائی کے عینی شاہد تھے۔ انہوں نے 2 دسمبر 1971 کو اس تاریخی لمحے کو آواز اور تصویر کے ذریعے یو اے ای کے عوام تک پہنچایا۔
اس وقت ملک میں صرف ایک سرکاری ٹی وی چینل موجود تھا، یعنی ابوظبی ٹیلی وژن، اور محمد القدسی ہی وہ پہلے ٹی وی براڈکاسٹر تھے جنہوں نے قیامِ متحدہ عرب امارات کی خبر نشر کی۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ جمعرات کو نمازِ عصر کے بعد ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں بنی یاس قبرستان، ابوظبی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔







