
ابوظبی:
متحدہ عرب امارات کے ایمریٹس ڈرگ اسٹیبلشمنٹ (EDE) نے نیسلے کے انفنٹ فارمولا کے مزید بیچز واپس منگوانے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق احتیاطی اور رضاکارانہ ری کال کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے اب S26 AR پروڈکٹ کو بھی شامل کر لیا گیا ہے، جو صرف طبی نگرانی میں استعمال کے لیے مخصوص ہے۔
عوامی صحت اور صارفین کے تحفظ کے پیشِ نظر، متاثرہ بیچ نمبرز 5185080661، 5271080661 اور 5125080661 کی تصدیق کی گئی ہے۔
ای ڈی ای کے مطابق یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ایک پیداواری جزو میں Bacillus cereus نامی بیکٹیریا کے آثار پائے گئے۔ یہ بیکٹیریا cereulide toxin پیدا کر سکتا ہے، جو فوڈ پوائزننگ اور معدے سے متعلق علامات جیسے متلی، قے اور پیٹ درد کا سبب بن سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نیسلے کے تعاون سے ڈسٹری بیوٹرز کے گوداموں میں موجود تمام متاثرہ بیچز کو محفوظ کر لیا گیا ہے، جبکہ مارکیٹ سے باقی ماندہ مصنوعات واپس لینے کا عمل جاری ہے۔ یہ کارروائی قومی ضوابط کے مطابق اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کی جا رہی ہے تاکہ تمام ریٹیل چینلز، بشمول ای کامرس پلیٹ فارمز، سے متاثرہ مصنوعات مکمل طور پر ہٹا دی جائیں۔
ای ڈی ای نے واضح کیا کہ نیسلے مینا نے وعدے کے مطابق احتیاطی ری کال سے متعلق تفصیلی بیان جاری کر دیا ہے، جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل ٹولز بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے ذریعے یو اے ای میں صارفین آسانی سے بیچ نمبرز کی تصدیق کر کے ریفنڈ یا متبادل پروڈکٹ کی درخواست دے سکتے ہیں۔







