
خلیج اردو
دبئی: اماراتی مصنوعی ذہانت (AI) کمپنی مرادی اسپیس نے اعلان کیا ہے کہ وہ خلائی مدار میں انقلابی نوعیت کے ڈیٹا سینٹرز لانچ کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں ایمیزون ویب سروسز (AWS) کے بند ہونے سے عالمی سطح پر ہزاروں ویب سائٹس، ایپلی کیشنز اور آن لائن خدمات متاثر ہوئیں۔
ای کامرس، مالیاتی ادارے، گیمنگ پلیٹ فارمز اور تعلیمی ویب سائٹس بند ہونے سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان اور لاجسٹک مسائل، بشمول پروازوں میں تاخیر، پیدا ہوئیں۔ اس بحران نے نہ صرف موجودہ نظام کی کمزوری کو اجاگر کیا بلکہ ایک نئی ٹیکنالوجی کے دروازے بھی کھول دیے — اسپیس بیسڈ ڈیٹا سینٹرز۔
مرادی اسپیس کا منصوبہ اسی سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ خلاء میں قائم کیے جانے والے ڈیٹا سینٹرز زمین پر موجود انفراسٹرکچر کے مقابلے میں زیادہ محفوظ، تیز رفتار اور عالمی سطح پر قابلِ رسائی ہوں گے۔
یہ خلائی ڈیٹا سینٹرز مستقبل میں کلاؤڈ سروسز کو زیادہ لچکدار اور مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے انٹرنیٹ کی رفتار اور استحکام میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔






