متحدہ عرب امارات

ال انصاری ایکسچینج کی جانب سے ترسیلات میں تاخیر پر صارفین کو 60 درہم تک کیش بیک واؤچر کی پیشکش

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی رقوم منتقلی اور زرِ مبادلہ کمپنی ال انصاری ایکسچینج نے حالیہ تکنیکی خرابی کے باعث ترسیلات میں تاخیر کا سامنا کرنے والے صارفین کو 20 سے 60 درہم کے کیش بیک واؤچرز جاری کر دیے ہیں۔ یہ واؤچرز اگلی ترسیل پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

یہ مسئلہ 5 جولائی کو اس وقت پیش آیا جب صارفین کی جانب سے بھیجی گئی رقوم کئی دن تک کلیئر نہ ہو سکیں۔ اس تاخیر کے باعث ہزاروں تارکین وطن، جو مہینے کے آغاز میں تنخواہ ملنے کے بعد گھریلو اخراجات، تعلیم، کرایہ، اور دیگر ضروریات کے لیے رقوم وطن بھیجتے ہیں، متاثر ہوئے۔

کمپنی نے خلیج ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مسئلہ مکمل طور پر حل کر لیا گیا ہے اور دیگر تمام خدمات اس دوران متاثر نہیں ہوئیں۔ ترجمان کے مطابق، “ہم نے واقعے کی مکمل جانچ پڑتال کی ہے اور آئندہ ایسی کسی صورت حال سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا ہے۔”

ال انصاری ایکسچینج نے صارفین سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ تکنیکی خرابی تاخیر کا سبب بنی، تاہم فوری اور جامع اقدامات کے ذریعے مسئلہ حل کر لیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ صارفین کے اعتماد، صبر اور وفاداری کے اعتراف کے طور پر کیش بیک واؤچرز جاری کیے گئے ہیں جن کی مالیت ترسیلات کی فیس اور تاخیر کے دورانیے کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔

کمپنی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بہترین خدمات، صارفین کی مکمل اطمینان، اور اعلیٰ معیار کی سیکیورٹی اور اعتبار کو یقینی بنائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button